وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال کی چین انٹرنیشنل ڈویلپمنٹ کوآپریشن ایجنسی کے ڈائریکٹر لو ژا سے ملاقات


کنمنگ،چین(صباح نیوز)وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی و اصلاحات پروفیسر احسن اقبال نے چین کے شہر کنمنگ میں منعقدہ تیسرے چائنا انڈین اوشین ریجن فورم برائے بلیو اکانومی تعاون میں شرکت کے لئے چین کے دورے کے دوران چین انٹرنیشنل ڈویلپمنٹ کوآپریشن ایجنسی (سی آئی ڈی سی اے )کے ڈائریکٹر لو ژا سے ملاقات کی۔ملاقات میں سی آئی ڈی سی اے کے ڈائریکٹر جنرل ریجنل افیئرز ون، شو ہائی لونگ، انٹرنیشنل کوآپریشن ڈیپارٹمنٹ کے ڈائریکٹر جنرل لی منگ، یون نان صوبائی خارجہ امور کے ڈائریکٹر یانگ شا چینگ و دیگر نے شرکت کی۔ وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے چین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یہ فورم علاقائی ممالک کو تجربات کے تبادلے اور تعاون کا موقع فراہم کرتا ہے۔انہوں نے بلیو اکانومی کے فروغ میں چین کی قیادت کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان بی آر آئی اور جی ڈی آئی کے تحت چین کے ساتھ مختلف شعبوں میں ترقیاتی تعاون کو مضبوط بنانے کے لئے پرعزم ہے تاکہ ایک نئے دور میں مشترکہ مستقبل کے حامل پاک-چین برادری کے قیام کو یقینی بنایا جا سکے۔

چین انٹرنیشنل ڈویلپمنٹ کوآپریشن ایجنسی کے ڈائریکٹر لو ژا ہوئی نے مسلسل تین سالوں سے فورم میں پاکستان کے اعلی سطحی وفود کی شرکت پر شکریہ ادا کیا۔انہوں نے دونوں ممالک کی قیادت کے درمیان قریبی رابطوں اور باہمی اتفاق رائے کو سراہتے ہوئے کہا کہ سی آئی ڈی سی اے پاکستان کے ساتھ اہم معاہدوں پر عملدرآمد کے لئے پرعزم ہے۔ انہوں نے بیلٹ اینڈ روڈ انیشی ایٹو ، گلوبل ڈویلپمنٹ انیشی ایٹو کے تحت پاکستان-چین ترقیاتی تعاون کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا تاکہ دونوں ممالک اور عوام کو فائدہ پہنچایا جا سکے۔

ملاقات کے اختتام پر ڈائریکٹر لو ژا ہوئی اور وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے دونوں ممالک کے درمیان تعاون کے مختلف معاہدوں پر دستخط کئے جن میں پاکستان کے ماحولیاتی معلومات اور ابتدائی وارننگ سسٹم پراجیکٹ پر عملدرآمد سے متعلق معاہدہ بھی شامل ہے۔