پشاور ہائیکورٹ، بشری بی بی کی 27 مقدمات میں 23 دسمبر تک راہداری ضمانت منظور


پشاور(صباح نیوز)پشاور ہائیکورٹ نے سابق وزیر اعظم عمران خان کی اہلیہ بشری بی بی کی 27 مقدمات میں 23 دسمبر تک راہداری ضمانت منظور کرلی۔ پشاور ہائی کورٹ کے جسٹس وقار احمد نے بشری بی بی کی راہداری ضمانت کی درخواستوں پر سماعت کی۔وکیل درخواست گزار عالم نے عدالت کو بتایا کہ بشری بی بی نے27 مقدمات میں راہداری ضمانت درخواستیں دائرکی ہے، ان کے خلاف مختلف نوعیت کے مقدمات درج کیے گئے ہیں، یہ وہاں پرپیش ہو جائیں گی، تھوڑا زیادہ وقت دیا جائے، 50 سے زائد مقدمات میں پیش ہونا ہے۔ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے عدالت کو بتایا کہ ان کو پابند کریں کہ یہ وہاں عدالت میں پیش ہوں۔

جسٹس وقار احمد نے ریمارکس میں کہاکہ بشری بی بی کو راہداری ضمانت اس لییدے رہے ہیں کہ وہ متعلقہ عدالتوں میں پیش ہوں، زیادہ وقت اس لیے نہیں دے سکتے کیونکہ سردیوں کی چھٹیاں آنے والی ہے۔بعدازاں پشاور ہائیکورٹ نے بشری بی بی کی 27 مقدمات میں 23 دسمبر تک راہداری ضمانت دے دی