پشاور(صباح نیوز) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور سابق سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ ہمارا احتجاج ختم نہیں ہوا ، سیاسی جماعتیں غیر قانونی حکومت کیخلاف آواز اٹھائیں ، خیبرپختونخوا کے عوام کے خلاف ایکشن لے کر نفرتوں کو بڑھایا جا رہا ہے ۔پشاور ہائیکورٹ میں پیشی کے موقع پر پی ٹی آئی رہنمائوں کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اسد قیصر نے کہا کہ عدالتوں میں بھی جائیں گے اور سڑکوں پر بھی احتجاج ہوگا، کوئی ہمیں احتجاج سے نہیں روک سکتا۔
انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا کے عوام کے خلاف ایکشن لے کر نفرتوں کو بڑھایا جا رہا ہے، احتجاج کرنے پر دہشت گرد قرار دیا جاتا ہے، موجودہ حکومت کے پاس ایسے اقدامات کا کوئی جواز نہیں۔سابق سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ تحریک انصاف کا مینڈیٹ چوری کیا گیا، ہماری لیڈر شپ کو ناجائز جیل میں رکھا جا رہا ہے۔ وفاقی حکومت نے شہریوں پر گولیاں چلائیں اور شیلنگ کی، تاریخ میں ایسی کوئی مثال نہیں ملتی، ہم نے ہمیشہ آئین و قانون کا احترام کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی اور کارکنوں کو غیر قانونی طور پر جیل میں رکھا گیا ہے، ہم بانی پی ٹی آئی کے ساتھ ڈٹ کر کھڑے ہیں، افسران کو بتانا چاہتا ہوں کہ قانونی حد سے آگے نہ بڑھو۔ انہوںنے کہا کہ ہمارا احتجاج ختم نہیں ہوا، قید رہنما اور کارکنوں کی رہائی پہلی ترجیح ہے، پارٹی کے شہدا کے گھروں کو جائیں گے، اس ظلم کے خلاف انٹرنیشنل فورم پر بھی آواز اٹھائیں گے۔انہوں نے کہا کہ تمام سیاسی جماعتوں کی ذمے داری ہے کہ غیر قانونی حکومت کے خلاف آواز اٹھائیں۔