بیگم بھٹو کی جمہوریت، انصاف اور مساوات کی جدوجہد میں خدمات غیرمعمولی اور قربانیاں بے مثال ہیں،بلاول بھٹو

اسلام آباد (صباح نیوز) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ بیگم نصرت بھٹو جمہوریت کے  لئے  سب کچھ قربان کرنے کی علامت ہیں۔مادرِ جمہوریت بیگم نصرت بھٹو کی 13 ویں برسی کے موقع پر جاری کیے گئے پیغام میں بلاول بھٹو زرداری نے بیگم نصرت بھٹو کو خراجِ عقیدت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بیگم بھٹو کی جمہوریت، انصاف اور مساوات کی جدوجہد میں خدمات غیرمعمولی اور قربانیاں بے مثال ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بیگم نصرت بھٹو کی جمہوریت کے کاز سے بے لوث وابستگی پر انہیں سلام پیش کرتا ہوں،ان کا مسلسل چیلنجز کے باوجود عزم و ہمت ان کی غیر معمولی میراث کا ثبوت ہے۔ بلاول بھٹو کا کہنا ہے کہ مادرِ جمہوریت بیگم نصرت بھٹو کا اثر سیاست سے کہیں آگے ہے، وہ آمریت اور جبر کے خلاف مزاحمت کی علامت ہیں۔چیئرمین پیپلز پارٹی نے مزید کہا کہ بیگم بھٹو کے تذکرے کے بغیر پاکستان کی سیاسی جدوجہد کی تاریخ نامکمل رہے گی ، مادرِ جمہوریت کی یاد پارٹی اور قوم دونوں کے لیے امید، قوت اور رہنمائی کی علامت بنی رہے گی۔