ویل ڈن پارلیمنٹ، وقت آگیا تھاکہ پارلیمنٹ پوری قوت کے ساتھ بگاڑ کا راستہ روکے،26 ویں ترمیم اسی مقصد کی طرف پارلیمنٹ کا پر عزم اقدام ہے،عرفان صدیقی

اسلام آباد(صباح نیوز) سینیٹ میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کے پارلیمانی پارٹی لیڈر اور خارجہ امور کمیٹی کے سربراہ سینیٹر عرفان صدیقی نے کہا ہے کہ وقت آگیا تھاکہ پارلیمنٹ پوری قوت کے ساتھ بگاڑ کا راستہ روکے، آئینی  اداروں کا توازن بحال کرے اور اپنے حلف کے مطابق آئین کا تحفظ کرے۔چھبیسویں ترمیم اسی مقصد کی طرف پارلیمینٹ کا پر عزم اقدام ہے،ایک ٹویٹ میں عرفان صدیقی نے کہاکہ ایک مدت سے جاری بے مہار عدالتی ایکٹوازم نے، عدلیہ کی آزادی کے نام پر، ریاست کے دوسرے دو ستونوں، مقننہ اور انتظامیہ کو مفلوج کر کے رکھ دیا ہے۔

اب اس ایکٹوازم کے ہاتھ آئین کے گریبان تک پہنچ گئے ہیں جس کا کچھ حصہ نظریہ ضرورت اور سہولت کی بھینٹ چڑھ جاتا ہے، کچھ کو توجہ کے لائق نہیں سمجھا جاتا اور کچھ پر تشریح کے بہانے قبضہ جمالیا گیا ہے۔اب تو مرضی کے نتائج حاصل کرنے کے لئے مرضی کا آئین لکھنا بھی معمول بنتا جا رہاہے۔انہوں نے کہاکہ وقت آگیا تھا کہ پارلیمنٹ پوری قوت کے ساتھ بگاڑ کا راستہ روکے، آئینی  اداروں کا توازن بحال کرے اور اپنے حلف کے مطابق آئین کا تحفظ کرے۔چھبیسویں ترمیم اسی مقصد کی طرف پارلیمینٹ کا پر عزم اقدام ہے۔ٹویٹ کے اخر میں عرفان صدیقی نے ویل ڈن پارلیمنٹ بھی لکھا۔