ہر شعبہ ترقی کی طرف گامزن ،مہنگائی زوال پذیر ہو رہی ہے،مریم اورنگزیب

لاہور(صباح نیوز)پنجاب کی سینئر وزیر مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ ہر شعبہ ترقی کی طرف گامزن اور مہنگائی زوال پذیر ہو رہی ہے۔پنجاب حکومت کے 100 دن مکمل ہونے پر مریم اورنگزیب نے بیان میں کہا ہے کہ 100 دن میں درست فیصلوں نے عوام کو مہنگائی کم کر کے بڑا تاریخی ریلیف دیا۔مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ عوام کو سوچنا چاہیے مہنگائی میں کمی پر بانی پی ٹی آئی کو کیوں تکلیف ہوتی ہے، 100 دن میں روٹی 14 سے 12 روپے پر آگئی۔انہوں نے کہا کہ 100 دن میں نوجوان کے ہاتھ میں پٹرول بم نہیں پھر سے لیپ ٹاپ دیئے ہیں، نواز شریف آئی ٹی سٹی کی بنیاد 100 دن میں رکھ دی گئی ۔

صوبائی وزیر نے کہا کہ تاریخ میں پہلی بار رمضان پیکج  مستحقین کے لئے ان کی دہلیز پر پہنچایا گیا، 100 دن میں مہنگائی میں 17 فیصد کمی آچکی ہے۔مریم اورنگزیب نے کہا کہ 100 دن میں آٹا، روٹی اور گھی کی قیمت میں واضح کمی آچکی ہے، پاکستان اور پنجاب کی پہلی سوشیو اکنامک رجسٹری قائم کرنے کا آغاز کر دیا گیا ہے، خواتین کا پہلا ورچوئل پولیس اسٹیشن اور پورے پنجاب میں ڈے کیئر سینٹر فنڈ قائم کیا گیا، پنجاب کا پہلا ای ماس ٹرانزٹ بس اور نوجوانوں کے لیے ای بائیکس سسٹم شروع کر دیا گیا۔