سری نگر(کے پی آئی) ضلع پونچھ کے علاقے ششی دھر میں 4مئی کوبھارتی فضائیہ کی گاڑیوں پر حملے کے بعد بھارتی فورسز کی طرف سے شروع کی گئی محاصرے اورتلاشی کی کارروائیاں اتوار کو مسلسل آٹھویں روز بھی جاری ہیں۔ 4مئی کو ضلع پونچھ کے علاقے ششی دھر میں نامعلوم مسلح افراد نے بھارتی فضائیہ کی گاڑیوں پر فائرنگ کی جس کے نتیجے میں ایک اہلکارہلاک اورچاردیگر زخمی ہوگئے تھے۔
بھارتی فورسز نے حملے کے بعد علاقے میں محاصرے اورتلاشی کی کارروائیاں شروع کیں جو آج آٹھویں روز بھی جاری رہیں ۔ بھارتی فورسز نے اس دوران درجنوں بے گناہ شہریوں کو گرفتارکرلیا ہے۔قابض حکام نے بتایا کہ بھارتی فوج اور پولیس کی مشترکہ ٹیموں نے شاستر، ڈنہ، جران والی گلی، گرسائی ٹاپ اور شیندر اسمیت مختلف علاقوں میں محاصرے اورتلاشی کی کارروائیاں کیں۔ قابض حکام کے مطابق ان علاقوں میں خاص طورپر جنگلات میں محاصرے اور تلاشی کی کارروائیاں ابھی بھی جاری ہیں۔ دریں ا ثنا ء بدنام زمانہ بھارتی تحقیقاتی ادارے این آئی اے نے جموں خطے میں چھ مقامات پر چھاپے مارے۔ این آئی اے کی ٹیموں نے جون 2022میں درج کیے گئے ایک جھوٹے مقدمے کے سلسلے میں جموں خطے کے ڈوڈہ، رام بن اور کشتواڑ اضلاع میں مختلف مقامات پر چھاپے مارے۔چھاپوں کے دوران این آئی اے اہلکاروں نے ڈیجیٹل آلات، دستاویزات اور دیگر چیزیں ضبط کیں۔