پروفیسر محمد ابراہیم کی انتخابی التوا سے متعلق سینیٹ قرارداد کی مذمت


بنوں(صباح نیوز)امیرجماعت اسلامی خیبر پختونخوا، امیدوار این اے 39 و پی کے 102بنوں  سابق سینیٹر پروفیسر محمد ابراہیم خان نے کہا ہے کہ سینیٹ میں الیکشن کے التوا سے متعلق قرارداد کی مذمت کرتے ہیں۔ کچھ لوگ انتخابات سے بھاگنے اور عوام کو اپنے نمائندے منتخب کرنے کے حق سے محروم کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔ انتخابات ملتوی کرنے کی سازشیں کرنے والے ملک و قوم سے مخلص نہیں۔عوام  ایسے لوگوں کو ووٹ کی طاقت سے شکست دے کر نشان عبرت بنائیں۔8 فروری کو ہر صورت انتخابات ہوں گے، انتخابات کے راستے میں روڑے اٹکانے و الوں کو ناکامی کے سوا کچھ ہاتھ نہیں آئے گا۔ جمہوریت اور جمہوری عمل کو بلڈوز کرنے کی اجازت نہیں دیں گے۔ عوام 8 فروری کو گھروں سے نکلیں اور ان کے مسائل حل کرنے والے دیانتدار اور امانتدار قیادت کو ووٹ دے کر کامیاب بنائیں۔ جماعت اسلامی ملک کی تقدیر بدلے گی، عوام نے اعتماد کیا تو انھیں مایوس نہیں کریں گے۔

ان خیالات کا اظہار انھوں نے ویلج کونسل ہوید ضلع بنوں میں انتخابی مہم کے سلسلے میں منعقدہ کارنر میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ کارنر میٹنگ سے جماعت اسلامی بنوں کے امیر پروفیسر محمد اجمل خان، محمد یسین خان اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔ پروفیسر محمد ابراہیم خان نے کہا کہ ووٹ کو عزت دو، روٹی، کپڑا اور مکان اور تبدیلی کے دعوے محض ڈھکوسلے ہیں۔ 75 سالوں میں نہ ووٹ کو عزت مل سکی، نہ ہی عوام کو روٹی، کپڑا اور مکان مل سکا۔تبدیلی کا بھی حشر نشر عوام نے دیکھ لیا۔ جماعت اسلامی چہرے نہیں نظام کو بدلنا چاہتی ہے۔ انھوں نے کہا کہ ملک کی تباہی کی ذمہ دار وہی پارٹیاں ہیں جنہوں نے ایک بار نہیں بار بار حکومت کی، آزمودہ حکمران پھر چاہتے ہیں کہ 8فروری کو لوگ انھیں ووٹ دیں، حکمران طبقات نے اپنے بھائیوں، بیٹوں، بیٹیوں، رشتے داروں میں ٹکٹ تقسیم کیے، ان کی پارٹیاں خاندانی پراپرٹی اور یہ کارکنوں کو ذاتی غلام سمجھتے ہیں۔ اللہ تعالی نے قوم کو اپنی تقدیر بدلنے کا موقع دیا ہے، سانپوں کو مزید دودھ پلایا گیا تو یہ اژدھے بن جائیں گے، پاکستانی روشن مستقبل، امن، ترقی، مضبوط معیشت کے لیے ترازو پر مہر لگائیں۔