اسلام آباد (صباح نیوز) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے لڑکیوں کی تعلیم کیلئے موثر اقدامات کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ علمائے کرام اور مساجد کا معاشرے میں بہت بڑا کردار ہے، حکومت لڑکیوں کو حصول تعلیم کیلئے سکول لانے کیلئے اقدامات کررہی ہے،عورتوں کو تعلیم یافتہ بنانے میں علمامو ثر کردار ادا کرسکتے ہیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو ایوان صدر میں لڑکیوں کی تعلیم کے فروغ کیلئے قومی مہم کی لانچنگ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب میں خاتون اول بیگم ثمینہ عارف علوی، اسلامی نظریاتی کونسل کے چیئرمین پروفیسر ڈاکٹر قبلہ ایاز، پاکستان الائنس فار گرلز ایجوکیشن (پیج)کی ایگزیکٹو ڈائریکٹر فجر رابعہ پاشا، علماکرام اور ماہرین تعلیم نے شرکت کی۔ صدر مملکت نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ لڑکیوں کو زیور تعلیم سے آراستہ کرنے کیلئے علماکرام معاشرہ میں مثبت انداز میں پیغام پہنچاسکتے ہیں، علمائے کرام نے کورونا کے بارے میں آگاہی پیدا کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔
انہوں نے کہا کہ 32 فیصد بچیاں پرائمری تعلیم سے محروم ہیں، حکومت نے احساس پروگرام کے تحت سکالر شپس پروگرام شروع کیا، خواتین کو بنیادی تعلیم دے کر پاو ں پر کھڑا کیا جاسکتا ہے، اسلام پہلا مذہب ہے جس نے عورت کو معاشرے میں مقام دیا، علمائے کرام کبھی بھی بچیوں کی تعلیم کے مخالف نہیں رہے۔ صدر مملکت نے کہا کہ بچیوں کو تعلیم حاصل کرنے کیلئے معاشرے میں تحفظ فراہم کرنا اہم ہے،علمائے کرام کا پیغام معاشرے میں بڑی اہمیت رکھتا ہے،عورتوں کو ہنرمند بنائے اور تعلیم دیئے بغیر ترقی ممکن نہیں۔
صدر مملکت نے کہا کہ علمانے لڑکیوں کی تعلیم میں کبھی مزاحمت نہیں کی، سرسید احمد خان نے بہت کوششوں کے بعد برصغیر کے مسلمانوں کو جدید تعلیم کے حصول پر آمادہ کیا، حکومت لڑکیوں کی تعلیم کو انتہائی اہمیت دے رہی ہے، لڑکیوں کی تعلیم کے بارے میں علماکا پیغام معاشرے میں اہمیت رکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مساجد تعلیم کے مراکز کا کردار ادا کرسکتے ہیں، علماکرام اور مشائخ نے کورونا وباکے دوران معاشرے کی رہنمائی میں اہم کردار ادا کیا۔ صدر نے کہا کہ خواتین کی سکل ڈویلپمنٹ ضروری ہے، اسلام نے14 سو سال قبل خواتین کو حقوق دیئے اورانہیں معاشرہ میں نمایاں مقام دیا۔
صدر مملکت نے مسجد کے کردار کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ معاشرتی مسائل کے حل کیلئے مسجد سے عوام کو آگاہی دینا ہو گی۔ ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ علمانے سکول سے باہر بچوں اور بچیوں کیلئے فجر سے ظہر تک مساجد میں تعلیم کا اہتمام کرنے کی پہلے ہی تجویز دی ہے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل پروفیسر ڈاکٹر قبلہ ایاز نے کہا کہ لڑکیوں کی تعلیم کا صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی اور خاتون اول بیگم ثمینہ عارف علوی کا ہدف دلوں کے بہت قریب ہے۔ انہوں نے کہا کہ لڑکیوں کی تعلیم کیلئے لائحہ عمل طے کر رہے ہیں، پاکستان الائنس فار گرلز ایجوکیشن نے سٹار سکولز کے ذریعے منزل کے حصول کیلئے پیش قدمی شروع کی ہے جس میں اسلامی نظریاتی کونسل اور علماکرام کا تعاون بھی شامل ہے۔
ڈاکٹر قبلہ ایاز نے کہا کہ ان کوششوں کے نتیجہ میں پاکستان ایک باوقار ملک کی حیثیت سے پہچانا جائے گا۔ انہوں نے توقع ظاہر کی کہ ایوان صدر کی سرپرستی میں لڑکیوں کی تعلیم کیلئے عملی اقدامات کرنے میں کامیاب ہوجائیں گے۔ ایگزیکٹو ڈائریکٹر پاکستان الائنس فار گرلز ایجوکیشن فجر رابعہ پاشا نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے علمابچیوں کی تعلیم کے حامی ہیں، لڑکیوں کی تعلیم کیلئے کی جانے والی کوششیں ریاست مدینہ کی جانب ایک اہم قدم ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان کا ادارہ 129 غیر رسمی تعلیمی ادارے چلا رہا ہے جس میں لڑکیوں کی تعلیم کی جانب توجہ مرکوز کی جا رہی ہے۔ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے تقریب میں لڑکیوں کی تعلیم کے بارے میں قومی مہم کا باقاعدہ آغاز کردیا۔