وزرات داخلہ کا تعلیمی اداروں میں اسپیشل پولیس فورس تعینات کرنے کا اعلان


اسلام آباد (صباح نیوز)وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ خان نے اسپیشل پولیس فورس تعلیمی اداروں میں تعینات کرنے کا اعلان کردیا،تعلیمی اداروں کی فضا کوتحقیقی اور تخلیقی امور کے لئے سازگار بنایا جائے گا۔

وزرات داخلہ سے جاری بیان کے مطابق قائد اعظم یونیورسٹی ہاسٹلز کو خالی کروا لیا گیا ہے، یونیورسٹی انتظامیہ کی درخواست پر شرپسند عناصر کے خلاف مقدمہ بھی درج کرتے ہوئے پولیس کی معاونت سے ہاسٹلز کو خالی کروایا گیا ۔یونیورسٹی انتظامیہ اور والدین نے بروقت کارروائی پر اظہار اطمینا ن کیا ہے ۔

وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ خان نے کہا ہے کہ تعلیمی اداروں میں سیاست کی اجازت نہیں دی جائے گی۔تعلیمی معاملات میں کسی قسم کا کوئی خلل برداشت نہیں کیا جائے گا۔تعلیمی اداروں کی فضا کوتحقیقی اور تخلیقی امور کے لئے سازگار بنایا جائے گا۔پرتشدد واقعات کی حوصلہ شکنی کی جائے گی۔ یونیورسٹی انتظامیہ کی درخواست پر شرپسند عناصر کے خلاف مقدمہ بھی درج کرلیا گیا ہے۔اسلام آباد کیپیٹل پولیس کا انسداد انتہا پسندی یونٹ دیگر تعلیمی اداروں سے رابطے میں ہے اور دورے کررہا ہے۔سپیشل پولیس فورس تعلیمی اداروں میں تعینات کی جائے گی تاکہ محفوظ تعلیمی سرگرمیاں جاری رہ سکیں۔