لاہور( صباح نیوز)الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان کے نائب صدر ڈاکٹر مشتاق مانگٹ نے سیلاب متاثرہ علاقوں تونسہ، فاضل پور اور سوئی کا دورہ کیا اوروہاں الخدمت تعمیر وطن پروگرام کے تحت جاری کسانوں کی بحالی اور دیگر منصوبوں کا جائزہ لیا۔
اس موقع پر ڈاکٹر مشتاق مانگٹ نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان تعمیر وطن پروگرام کے تحت سیلاب متاثرین کی بحالی و تعمیر نو کا کام تیزی سے آگے بڑھ رہا ہے سیلاب متاثرہ علاقوں میں اب تک 10 ہزار چھوٹے کسانوں کو گندم کی بوائی کے لیے بیج، کھادیں اور زرعی ادویات فراہم کیے جا چکے ہیں جو اُن کسانوں کی مدد کے ساتھ ساتھ ملکی سطح پر غذائی پیداوار کو بڑھانے کی کوشش بھی ہے۔
سیلاب متاثرین کے لیے 10 ارب کے ریسکیو اور ریلیف سرگرمیوں کے بعد 5 ارب روپے سے بحالی و تعمیر نو کا کام جاری ہے۔ جس میں 10 ہزارمکانات کی تعمیر و مرمت، 6سوسکولوں، مدارس اور مساجد کی تعمیر و مرمت کا عمل، 4 سے 12سال تک کے 3 ہزار سے زائد یتیم بچوں کی مستقل کفالت کا بندوبست اور پینے کے صاف پانی کی فراہمی شامل ہے۔انہوں نے کہا کہ سیلاب متاثرین کی مکمل بحالی تک ہر ممکن مدد جاری رکھیں گے۔