پاکستان اور سعودی عرب کی مشترکہ فوجی مشقیں الکساح سوئم شروع


راولپنڈی(صباح نیوز) پاکستان اور سعودی عرب کی مشترکہ فوجی مشقیں الکساح سوئم شروع ہوگئیں۔ آئی ایس پی آر کے مطابق مشترکہ مشق الکساح سوئم کی افتتاحی تقریب کنگ خالد ملٹری سٹی حفر الباطن، سعودی عرب میں منعقد ہوئی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق مشترکہ مشق کا بنیادی مقصد دیسی ساختہ بارودی مواد کو ٹھکانے لگانے کی مہارتوں میں اضافہ اور موثر دفاع کو یقینی بنانا ہے۔ رائل سعودی لینڈ فورسز، پاک فوج کے دستے انسداد آئی ای ڈی آپریشنز میں حصہ لیں گے۔ مشق میں راستوں کی تلاش، کمپانڈ اور گاڑیوں کی کلیئرنس شامل ہے۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ دھماکہ خیز مواد سے نمٹنے اور مواد کو ٹھکانے لگانے کی مشقیں کی جائیں گی۔ یہ دوطرفہ سطح پر الکساح سلسلے کی تیسری مشترکہ فوجی مشق ہے۔ تربیت کا مقصد دیسی ساختہ بارودی مواد سے تحفظ، دفاع اور ٹھکانے لگانے کی ہر ممکن مہارتوں میں اضافہ ہے۔

سعودی کمانڈر نارتھ میجر جنرل صالح بن احمد الزہرانی تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔