فیصل آباد (صباح نیوز)ایوب ریسرچ فیصل آباد نے گزشتہ چند سالوں کے دوران گندم، کپاس، چاول،گنے،روغن دار اجناس و دالوں کی کئی نئی اقسام تیار ومتعارف کروائی ہیں جن کی کاشت کے باعث دنیا بھرمیں رقبے کے لحاظ سے 36ویں نمبر پر آنیوالا پاکستان کپاس کی پیداوارمیں چوتھے، گنے میں چھٹے،گندم میں ساتویں، چنے میں دوسرے نمبر پر آگیاہے نیز چاول، گنے، دالوں اور دیگر فصلات کی مزید ایسی اقسام تیار کی جارہی ہیں جو بدلتے ہوئے موسمی حالات کا بہتر مقابلہ کر سکیں گی۔
ایوب ریسرچ فیصل آباد کے ترجمان نے بتایاکہ یہ حقیقت ہے کہ کئی وجوہات کی بنا پر ہمارے بہت سے کاشتکار جدید پیداواری ٹیکنالوجی کے استعمال سے قاصر ہیں مگر اس کے باوجود ہمارے کاشتکار کئی دیگر ممالک کی نسبت بہترین پیداوار حاصل کر رہے ہیں۔انہوں نے بتایاکہ مستقبل میں آب وہوا میں تبدیلی اور پانی کی کمی زرعی شعبے کیلئے بہت بڑا چیلنج ثابت ہو گی جس سے نمٹنے کیلئے ایوب ریسرچ فصلوں کی ایسی اقسام تیارکررہاہے جو زیادہ درجہ حرارت برداشت کرنے سمیت کم پانی اور خشک سالی کے خلاف بھرپور قوت مدافعت رکھتی ہوں۔
انہوں نے بتایاکہ فصلات کو پٹڑیوں پر کاشت کرنے کے طریقوں پر بھی کام جاری ہے جس سے پانی کی 20 سے 50فیصد تک بچت ہو سکے گی۔ انہوں نے بتایاکہ ہمارے زرعی سائنسدانوں نے کپاس اور گندم کی تحقیق میں نمایاں پیش رفت کی ہے اور ہم ایسی اقسام تیارکرنے کے قابل ہو ئے ہیں جو زیادہ درجہ حرارت برداشت کرنے کی صلاحیت رکھتی ہیں