بھارتی مظالم اورنوآبادیاتی اقدامات مقبوضہ کشمیرکی متنازع حیثیت تبدیل نہیں کرسکتے:حریت کانفرنس


سرینگر: مقبوضہ جموں و کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس نے کہا ہے کہ جموں و کشمیر عالمی طور پر تسلیم شدہ تنازعہ ہے اور بھارت کا ظلم و ستم اور نوآبادیاتی اقدامات علاقے کی متنازعہ حیثیت کو تبدیل نہیں کر سکتے۔

سرینگر سے جاری ایک بیان میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان نے کہا کہ کشمیر بھارتی فوج کے حصار میں ہے اور وہاں جاری بھارتی ریاستی دہشت گردی سے عالمی برادری کی آنکھیں کھل جانی چاہئیں۔

انہوں نے کہا کہ بھارت کے اقدامات نے کشمیر کو ایک چھائونی میں تبدیل کر دیا ہے جہاں گرفتاریاں، تشدد، چھاپے، تلاشی کی کارروائیاں روز کا معمول ہیں، اپنے یوم جمہوریہ کے موقع پر مقبوضہ کشمیرکو ایک فوجی چھاؤنی میں تبدیل کرنے، سینکڑوں نوجوانوں کی گرفتاری، پکڑ دھکڑ اور تلاشی کی بڑے پیمانے پر کارروائیوں اور عام لوگوں کو ذہنی اور جسمانی اذیتوں کا نشانہ بنانے اور سڑکوں پر رکاوٹیں کھڑی کرنے سے جموں و کشمیر میں بھارت کی اخلاقی اور قانونی حیثیت واضح ہوتی ہے ۔