حکومت مہنگائی پر کنٹرول کرنے اور عوام کو ریلیف دینے میں مکمل ناکام ثابت ہوچکی ، محمد حسین محنتی

کراچی ( صباح نیوز) جماعت اسلامی کی جانب سے سندھ میں آٹے کے بحران اور کمر توڑ مہنگائی کے خلاف جمعرات کو  دادو اور جیکب آباد میں الگ الگ  احتجاجی مظاہرے کئے گئے۔ مقامی دفتر سے پریس کلب تک ہونے والے احتجاجی مظاہرے میں مقامی کارکنان کے علاؤہ مہنگائی کے مارے عوام نے بڑی تعد میں شرکت کی۔مظاہرین نے ہاتھوں میں بینر اور پلے کارڈ اٹھا کر شہر کے مختلف راستوں پر مارچ کیا اور آٹے کے بحران، نااہل حکمران ہٹاؤ ملک بچاؤ اور مہنگائی کے خلاف سخت نعریبازی کی، مظاہرین نے پریس کلب کے سامنے پہنچ کر دھرنا دیا۔

اس موقع پر امیر جماعت اسلامی سندھ و سابق ایم این اے محمد حسین محنتی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت مہنگائی پر کنٹرول کرنے اور عوام کو ریلیف دینے میں مکمل ناکام ثابت ہوچکی ہے، حکمرانوں کے لیے شرم کا مقام ہے کہ زرعی ملک اور تیل و گیس کوئلی سمیت قدرتی دولت سے مالا مال سندھ کے عوام آج آٹے کے لیے دربدر ہورہے ہیں،

انہوں نے کہا کہ تبدیلی تباہی کاباعث اور پی ڈی ایم والوں نے تو ملک کو مزید مشکلات میں ڈال دیا ہے جس کی وجہ سے غریب عوام کا جینا محال ہوچکا ہے، حکمرانوں نے عملی طور پر ملک کو مالیاتی اداروں کے پاس گروی اور قوم کو غلام بنا دیا ہے، امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے مہنگائی اور چوروں سے احتساب کے لیے تحریک کا آغاز کردیا ہے عوام کو اب بیدار ہونا ہوگا اور انتخابات میں دیانتدار قیادت کو کامیاب کرکے چوروں اور لٹیروں سے نجات حاصل کرنا ہوگی۔

اس موقع پر صوبائی ضلعی و مقامی قائدین حافظ نصراللہ چنا ، عبدالحفیظ بجارانی، مجاہد چنا، دیدارِ علی لاشاری ، صادق ملغانی، عبدالرحمان منگریو ،محمد موسیٰ ببر نے بھی خطاب کیا۔