کراچی(صباح نیوز) جماعت اسلامی سندھ کے قائم مقام امیرکاشف سعید شیخ نے کہا ہے کہ جس دن سیاستدانوں اورانصاف دینے والے اداروں نے سہولت کاری چھوڑدی پھر کسی آمرکوآئین کیساتھ کھیلنے کی جرائت نہیں ہوگی۔بلوچستان سمیت پورے ملک سے لاپتہ افراد کامسئلہ نفرتوں اورانتہاپسندی میں اضافہ کا سبب بن رہا ہے اگرکوئی فردکسی جرم میں ملوث ہے تو اسے آئین وقانون کے مطابق سزادی جائے۔جبری گمشدگی اورماورائے عدالت کاروائی کی کسی کو اجازت نہیں ہونی چاہیے،
نگران وزیراعظم،سنیٹ،عدلیہ سمیت تینوں اہم عہدوں پرفائض شخصیات کابلوچستان سے تعلق کے باوجود بلوچ گمشدہ افراد کا مسئلہ حل نہ ہونا تشویش ناک ہے۔بلوچستان کے عوام محب وطن ہیں عدل انصاف کے بغیر کوئی بھی ملک ومعاشرہ ترقی اورمتحد نہیں رہ سکتا۔ مشرقی پاکستان بنگلہ دیش کیوں بنا اس پربھی غوروفکر کرنا چاہیئے۔اس لیے طاقت کے استعمال کی بجائے انسانی ہمدردی کے ناتے مسنگ پرسن کے مسئلے کو حل کیا جائے۔انہوں نے آج ایک بیان میں کہاکہ ہرادارہ اگراپنے اپنے دائرہ کارمیں رہ کر کام کرتا تو آج وطن عزیز کو مہنگائی بدامنی دہشتگردی ،
سیاسی بے یقینی جیسی صورتحال کا سامنا نہ ہوتا۔یہی وجہ کہ ملک کے بجٹ کا سب سے بڑا حصہ امن وامان کے نام پرخرچ کرنے کے باوجود عوام امن کو ترس گئے ہیں پورے ملک میں دہشتگردی اورسندھ میں ڈاکوراج ہے۔نام نہاد نائن الیون کی آڑمیں غیروں کی جنگ کا ساتھ دینے میں وطن عزیز سیاسی و معاشی طور بے شمارمسائل کا شکار ہے عوامی وحقیقی قیادت کاراستہ روک کرجعلی قیادت کو قوم پرمسلط کرکے ملک کوقوم کو مزید بحرانوں سے دوچار کردیا گیا ہے۔آئین وقانون پرعملداری اورعدلوانصاف کے قیام سے ہی ملک کو اپنی حقیقی منزل اسلامی جمہوری اورفلاحی ریاست کی طرف گامزن کیاجاسکتا ہے۔