کراچی/اسلام آباد (صباح نیوز) وزارت عظمیٰ کے عہدے کا حلف اٹھانے کے بعد پہلی مرتبہ وزیراعظم شہباز شریف ایک روزہ دورے پر کراچی پہنچے ،مزارقائد پر حاضری دی اور مختلف شعبوں میں نمایاں کارکردگی دکھانے والے نوجوانوں سے مزار قائد پر حلف لیا۔
وزیراعظم شہباز شریف ایک روزہ دورے پر کابینہ ارکان کے ہمراہ کراچی پہنچے جہاں گورنر سندھ کامران ٹیسوری اور وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے ان کا استقبال کیا۔وزیراعظم شہباز شریف کے ہمراہ وفاقی وزرا احسن اقبال، محمد اورنگزیب، خالد مقبول صدیقی اور عطا اللہ تارڑ بھی کراچی پہنچے ۔بعدازاں وزیراعظم شہباز شریف نے مزار قائد پر حاضری دی، پھول رکھے اور فاتحہ خوانی کی۔ انہوں نے مہمانوں کی کتاب میں تاثرات بھی درج کئے۔
اس موقع پر گورنر اور وزیراعلیٰ سندھ بھی وزیراعظم کے ہمراہ تھے۔ وزیراعظم نے مختلف شعبوں میں نمایاں کارکردگی دکھانے والے نوجوانوں سے مزار قائد پر حلف لیا، شہباز شریف نے پاکستان کی خدمت کرنے اور ملک خداداد کی ترقی میں کردار ادا کرنے کا حلف لیا۔ترجمان وزیراعظم ہاؤس کے مطابق نوجوانوں نے عہد کیا کہ پاکستان کو صحیح معنوں میں قائد اعظم کا پاکستان بنائیں گے۔