اسلام آباد (صباح نیوز)صدر مملکت آصف علی زرداری اوروزیراعظم محمد شہبازشریف نے شمالی وزیرستان میں کارروائی کے دوران 4 دہشت گردوں کو ہلاک کرنے پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔ صدر مملکت نے انٹیلیجنس پر مبنی کامیاب آپریشن کے دوران 4 دہشتگردوں کو ہلاک کرنے پر سکیورٹی فورسز کی بہادری کو سراہا۔
انہوں نے کہا کہ سکیورٹی فورسز دہشت گردی کے عفریت کے خاتمے کے لئے کارروائیاں کر رہی ہیں ، پوری قوم دہشت گردی کے خلاف متحد ہے۔ صدر مملکت نے کہا کہ دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک دہشتگردوں کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی۔ وزیراعظم شہبازشریف نے دہشتگردو ں کیخلاف کامیاب کارروائی پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت اور سکیورٹی فورسز ملک سے دہشتگردی کے مکمل سدباب کے لئے پر عزم ہیں۔ قوم کو سکیورٹی فورسز کے نڈر نوجوانوں پر فخر ہے۔ انسانیت کے دشمنوں کے مذموم عزائم کو اسی طرح خاک میں ملاتے رہیں گے۔