کوئٹہ(صباح نیوز) امیر جماعت اسلامی بلوچستان مولاناہدایت الرحمان بلوچ نے کہاکہ بلوچستان کے حالات روزبروزخراب ہورہے ہیں جبکہ مقتدر قوتیں اورحکمران غافل اورناکام ہیں ۔بلوچستان کے بلوچ پشتون سمیت سب پریشان ہیں۔ وسائل پر دسترس ہے نہ وسائل پرقابض قوتوں کو عوامی مسائل مشکلات کا کوئی فکرہے۔ ان خیالات کا اظہارانہوں نے گوادر میں تقریب سے خطاب ،وفودسے ملاقات میں گفتگومیں کیا۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان کی اپنی روایات وثقافت اورقبائلی رسم ورواج کی سنہری تاریخ ہے بلوچستان کے سلگتے قومی اجتماعی مسائل کے حل میں ہمیشہ سے یہاں کے مخلص قوتوں نے بہترین کردار اداکیاہے۔
بدقسمتی سے عوامی حمایت یافتہ لوگوں کو کام کرنے نہیں دیا جارہا۔ جماعت اسلامی یہا ں کے عوام کے سلگتے قومی اجتماعی مسائل کے حل کیلئے ہر فورم پر کردار ادا کریگی ۔ہمارے ممبران اسمبلی اپنے حلقے کے عوام کو مایوس نہیں کرینگے ۔صوبائی حکومت واسمبلی کو کام کرنے دیا جائے ممبران اسمبلی مسائل پر کھل پراحتجاج کریں اورعوامی کے مسائل مشکلات پر خاموشی اختیار نہ کریں ۔ انہوں نے کہاکہ جماعت اسلامی بلوچستان کے سلگتے مسائل،لاپتہ افراد، بدامنی،حقوق سے محرومی، لوٹ مار ختم کرنے اورامن کے قیام ظلم وجبر کا راستہ روکنے کیلئے ہرفورم پر جدوجہد کررہی ہے۔ہم عوام کو مایوس نہیں کریں گے نہ کسی کے دبائو میں آئیں گے۔ انشاء اللہ عوامی تائید وحمایت سے قبائلی عمائدین ،وعام کے خیر خواہ کسی کے دبائو میں نہ آنے والے اچھے لیڈرکو ساتھ ملاکر مشترکہ متفقہ لائحہ عمل کے ذریعے قوم کو متحد ویکجا کرکے مسائل کے حل کی راہ ہموار کریں گے۔انہوں نے کہا کہ سب ملکر دیانتدار ی واخلاص، باہمی مشاورت سے بلوچستان اور یہاں کے مظلوم عوام کو ظلم سے نجات دلاکر حقوق دلائیں گے۔ جماعت اسلامی کی بلوچستان کے حقو ق کے حصول کیلئے جدوجہد قابل تعریف وقابل تقلید ہے۔ بلوچستان کے مسائل کا حل مشاورت بات چیت اور سیاسی جدوجہد وآئینی مزاحمت ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان کو لاوارث سمجھ کر وسائل ہڑپ کیے جارہے ہیں۔ بلوچستان کے ولی وارث ہم ہیں اہل بلوچستان وسائل کی حفاظت حقوق کے حصول کیلئے جماعت اسلامی کا ساتھ دیں۔ جماعت اسلامی مشاورت سے اہل بلوچستا ن کے حقوق کے حصول وسائل کی حفاظت ،لوٹ مار ،بے روزگاری ،بارڈرزبندش ودیگر مسائل کے حل کے حوالے سے حقوق بلوچستان مہم چلار ہی ہے۔ ایوان کے اندراورباہر ظلم وجبر کے خلاف ،حقوق کے حصول کیلئے ہر فورم استعمال کریں گے۔ عوام ،مشران اورقائدین اس جدوجہد میں ہماراساتھ دیں ۔