اسلام آباد(صباح نیوز)پاکستان نے بھارتی وزیر دفاع اور چیف آف آرمی سٹاف کے کشمیر سے متعلق بیانات کو سختی سے مسترد کر دیا۔پاکستان نے بھارتی وزیر دفاع اور آرمی چیف کے بے بنیاد الزامات پر شدید ردعمل کا اظہار کیا۔ ترجمان دفتر خارجہ نے واضح کیا کہ مقبوضہ کشمیر بین الاقوامی طور پر تسلیم شدہ متنازعہ علاقہ ہے۔۔ تنازع کا تصفیہ کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق ہوگا۔
ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر کا حتمی سٹیٹس اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق طے ہوگا۔ بھارت کے پاس آزاد جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان کی سرزمین کے حوالے سے فرضی دعوے کرنے کا کوئی قانونی اخلاقی جواز موجود نہیں۔بھارتی قیادت کا بیانیہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں اور جبر و استبداد سے توجہ ہٹانے کی کوشش ہے ۔ ترجمان دفتر خارجہ نے واضح کیا کہ بھارتی اقدامات کشمیری عوام کے جائز حق خودارادیت اور جدوجہد کو دبانے کے لیے ہیں۔