کراچی(صباح نیوز)جماعت اسلامی سندھ کے قائم مقام امیر کاشف سعید شیخ نے عالم اسلام کی چوہتر لاکھ افواج، جدید ترین اسلحے اور بارود کے گداموں وایٹمی قوت نے غزہ کے مظلوم مسلمانوں کیلئے کچھ بھی نہیں کیا، غزہ میں صہیونی فوج کی جانب سے جنگ کو 200دن گذرجانے اور 75ہزار ٹن بارود برسانے ،وحشیانہ حملوںمیں خواتین، بچوں اور بزرگوں سمیت 35ہزار مسلمانوں کی شہادت، ہسپتالوں، اسکولوں اور کھیلوں کے میدانوں کو اجتماعی قبروں میں تبدیل کرنے کے باوجود سامراجی آلہ کار مسلم حکمرانوں اور اقوام متحدہ نے مجرمانہ خاموشی اپنائی ہوئی ہے ،حماس کے مٹھی بھر مجاہدین نے دنیا کی جدید ترین اسلحے سے لیس یہودی افواج کو اپنی مزاحمت سے گھٹنے ٹیکنے پر مجبور کرکے میدان بدر کی یاد تازہ کردی ہے۔.
اپنے جاری بیان میں جماعت اسلامی رہنماء نے مزید کہاہ کہ مسلم حکمران امریکی سامراج کے کاسہ لیس اور غداری کے تمام حدود پار کرچکے ہیں لیکن ہم فلسطین کے عوام کے ساتھ ہیں، اور ہم فلسطینیوں کو نہیں بھولے۔ اسرائیلی افواج گذشتہ پانچ مہینوں سے غزہ میں ہمارے معصوم بچوں اور عفت ماب مائوں بہنوں کا قتل عام کررہا ہے، لیکن امریکی ایجنٹ حکمران اپنی عیاشیوں میں مصروف ہیں،دنیا کی پہلی ایٹمی قوت پاکستان سے فلسطین کے عوام سب سے زیادہ محبت اور اپنا مددگار سمجھتے تھے لیکن یہاں کے نام نہاد حکمران اور فوجی اسٹیبلشمنٹ نے امریکہ سامراج کے ڈر سے غزہ کے مظلوم مسلمانوں کی مدد کرنے کی بجائے دوریاستی حل کی بات کرکے اہل فلسطین کے زخموں پر نمک پاشی کے سوا کچھ بھی نہیں کیا ہے۔حماس کے مجاہدین اور اہل غزہ نے دنیا بھر میں اسلامی تحریکوں کو ایک جگہ جمع کردیا ہے۔ پوری دنیا کے عوام اہل غزہ و فلسطین سے اظہار یکجہتی کے لیے سڑکوں پر موجود ہیں لیکن مسلم حکمران اسرائیل اور امریکہ کی خوشامد میں مصروف اور اہل غزہ کیلئے امدادی اشیاء پہنچانے اور انسانی ہمدردی کی بنیادوں پر طبی سامان کی فراہمی میں بھی رکاوٹیں ڈال رہے ہیں جو نہایت قابل مذمت عمل ہے۔ان شاء اللہ وہ دن دور نہیں جب انبیاء کی سرزمین مسجد اقصیٰ آزاد ہوگی اور اسرائیل نیست و نابود ہوگا۔ فلسطینیوں کا خون اور شہادتیں رائیگاں نہیں جائیں گی۔