اسلام آباد (صباح نیوز) کونسل آف پاکستان نیوزپیپر ایڈیٹرز (سی پی این ای) کے زیر اہتمام موسمیاتی تبدیلی کے تناظر میں میڈیا کا کردار کے موضوع پر مقامی ہوٹل میں ورکشاپ کا انعقاد کیا گیا۔ مقررین نے پاکستان میں تیزی سے بڑھتے ہوئے ماحولیاتی، موسمیاتی مسائل پر روشنی ڈالتے ہوئے انہیں پاکستان کے لئے انتہائی تشویشناک قرار دیا۔ موسمیاتی تبدیلی کے حوالے سے کی جانے والی اس ورکشاپ کا انعقاد یو این ڈی پی کے اشتراک سے کیا گیا۔ اس موقع پر یو این ڈی پی کے میاں آصف شاہ نے کہا کہ ذرائع ابلاغ کے نمائندوں کو موسمیاتی و ماحولیاتی مسائل کے حوالے سے آگاہی میں اضافہ کرنا ہوگا۔ اب وقت آگیا ہے کہ موسمیاتی و ماحولیاتی مسائل کو اجاگر کیا جائے تاکہ عوام ان مسائل سے آگاہ ہوں اور ان سے نمٹنے کے لئے اپنا کردار ادا کریں۔ انہوں نے مزید کہا کہ یو این ڈی پی سی پی این ای کے ساتھ مل کر ماحولیاتی آگہی بڑھانے میں اپنا کردار کرے گی۔ معروف ماحولیاتی ماہر ڈاکٹر غلام اکبر نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی سے ہونے والی تباہ کاریوں کی وجہ سے ملک کا عام شہری شدید متاثر ہو رہا ہے۔ سمندر ہزاروں ایکڑ زمین نگل چکا ہے، ہماری زراعت بری طرح متاثر ہو رہی ہے۔ موسمیاتی تبدیلیاں ہماری معیشت کو بری طرح متاثر کر رہی ہیں۔ انہوں نے حکومتی اقدامات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ حکومتی سطح پر کلائمٹ چینج پالیسی، کلائمٹ چینج ایکٹ، وزیر اعظم کا گرین پاکستان پروگرام، کلائمٹ چینج کونسل بنانے جیسے اہم اقدامات اٹھائے گئے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ملک بھر موسمیاتی مسائل سے ہونے والی تباہ کاریوں کے نتیجے میں ہجرت کا عمل ہو رہا ہے جس سے ملک کے مختلف شہروں کے دبا میں اضافہ ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ذرائع ابلاغ اس حوالے سے اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔ ڈبلیو ڈبلیو ایف پاکستان کے چیئرمین ڈائریکٹر رب نواز اور پاکستان واٹر پائنرشپ کے سیکریٹری محمد اویس نے سی پی این ای کے اقدامات کو سراہتے ہوئے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا۔ انہوں نے کہا کہ ذرائع ابلاغ کے نمائندوں کو جس قسم کی رپورٹس درکار ہوں گی ہم مہیا کرنے کے لئے تیار ہیں۔ سی پی این ای اسٹینڈنگ کمیٹی کے رکن محمود عالم خالد نے مہمانوں کا خیر مقدم کرتے ہوئے موسمیاتی و ماحولیاتی مسائل کے حوالے سے سی پی این ای کے اقدامات پر روشنی ڈالی۔ پروجیکٹ کوآرڈینیٹر عبدالرحیم موسوی نے کہا کہ سی پی این ای نے یو این ڈی پی کے اشتراک سے صحافیوں کے لئے رہنما کتاب شائع کی جا رہی ہے اور اس ضمن میں ایک ویب پورٹل کا اجرا بھی کیا جا رہا ہے۔ سی پی این ای کی اسٹینڈنگ کمیٹی کے رکن سید شمس الضحی شاہ نے تمام مہمانوں کا شکریہ ادا کیا۔ ورکشاپ میں سابق انفارمیشن سیکریٹری اشفاق گوندل سمیت سول سوسائٹی اور ذرائع ابلاغ کے نمائندوں نے شرکت کی۔
Load/Hide Comments