منی لانڈرنگ کیس،شہباز شریف،حمزہ شہباز کی عبوی ضمانتوں میں 20 نومبر تک توسیع


لاہور(صباح نیوز)لاہور کی بینکنگ عدالت نے پاکستان مسلم لیگ (ن)کے صدر اورقومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف میاں محمد شہباز شریف اور پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف محمد حمزہ شہباز شریف کی منی لانڈرنگ کیس میں عبوری ضمانتوں میں20نومبر تک توسیع کردی۔ شہباز شہاز شریف اور حمزہ شہباز کے وکلاء بیماری کے باعث عدالت میں پیش نہیں ہوئے جبکہ ایف آئی اے نے بھی ملزمان کے خلاف عبوری رپورٹ مکمل کرنے کے لئے وقت مانگ لیا۔

شہباز شریف کے وکیل امجد پرویز ایڈووکیٹ کے معاون وکیل نے عدالت کو بتایا کہ امجد پرویزکو ڈینگی بخار ہو گیا ہے۔جبکہ عدالت نے ایف آئی اے کے تفتیشی افسر سے استفسار کیا کہ کیس کی تفتیش  اب کس سطح پر ہے، آپ کو عبوری رپورٹ پیش کرنے میں کتنا وقت لگے گا ۔ اس پر ایف آئی اے پراسیکیوٹر نے عدالت کو بتایا کہ امید ہے آئندہ ماہ تک رپورٹ جمع کروادیں گے۔

عدالت کے جج کا کہنا تھا کہ ایف آئی اے چلان جمع کروانے کی تاریخ بتائے ورنہ حکم جاری کریں گے۔عدالت کا کہنا تھا کہ ایف آئی اے نومبر کے وسط تک عبوری چالان جمع کروائے۔ عدالت کے جج نے قراردیا کہ اگر عدالتی دائرہ اختیار نہیں بنتا تواس حوالہ سے مکمل رپورٹ پیش کریں۔

دوران سماعت شہباز شریف کے وکیل کا کہنا تھا کہ ہم اس بات کو نہیں مانتے کہ اس عدالت کا دائرہ اختیار نہیں بنتا۔اس موقع پر شہباز شریف کا کہنا تھا کہ میرے وکیل سے میری میٹنگ ہوئی تھی اور ہم اس حوالہ سے مکمل دلائل دینا چاہتے ہیں۔ معاون وکیل کا کہنا تھا کہ آج تاریخ ڈال دیں اگرامجد پرویز کی طبیعت ٹھیک ہوتی تو وہ ضرور دلائل دیتے۔عدالت نے شہباز شریف اور حمزہ شہباز کی عبوری ضمانتوں میں 20نومبر تک توسیع کرتے ہوئے کیس کی مزید سماعت ملتوی کردی۔