بلدیاتی انتخابات کا بار بار التواء غیر جمہوری اور غیر آئینی عمل ہے، لیاقت بلوچ

لاہور(صبا ح نیوز)نائب امیر جماعتِ اسلامی، صدر قائمہ کمیٹی سیاسی قومی اْمور لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ بلدیاتی انتخابات کا  بار بار التواء غیر جمہوری اور غیر آئینی عمل   ہے، عجلت میں نیا ترمیمی قانون لاکر عوام سے حقِ رائے دہی چھیننا  غیر جمہوری اقدام  ہے،وفاقی و صوبائی حکومتیں اور الیکشن کمیشن اسلام آباد، سندھ و پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کے حوالے سے اپنی ذمہ داریاں پوری کریں۔

ان خیالات کا اظہار لیاقت بلوچ نے تربیت گاہ کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انتخابی عمل میں بار بار التواء جمہوریت اور جمہوری عمل کے لیے نقصان دہ ہے۔ حکمران اتحاد، صوبائی حکومتیں خوف اور فسطائیت کا راستہ چھوڑ کر عوام کو حقِ رائے دہی کا  آئینی حق استعمال کرنے دیں۔ گراس رْوٹ لیول پر عوام کو  شراکت اقتدار سے محروم رکھنا آئین و قانون سے انحراف اور عوام دشمنی  ہے۔

انہوں نے کہا کہ ن لیگ نے خود ‘ووٹ کو عزت دو’ کا نعرہ لگایا، اب حکومت میں آکر خود ہی  ووٹ کی عزت پامال کررہی ہے۔ عوام سے ووٹ کا حق چھیننا آمرانہ سوچ کی عکاس ہے۔ اداروں کو اپنی آئینی ذمہ داریاں پوری کرنے دیا جائے۔ منصفانہ نظام کے قیام سے ہی جمہوری اقدار کو فروغ اور عوام کا جمہوری اداروں پر اعتماد بحال ہوگا۔  ملک میں بلدیاتی انتخابات کے بار بار التواء کے عمل کو  روکنے کے لیے مناسب قانون سازی کی ضرورت ہے۔  انہوں نے کہا کہ 75سال گزرنے کے باوجود ملک حکمرانوں کی عاقبت نااندیشیوں  اور غلط پالیسیوں کے باعث عدم استحکام کا شکار ہے۔ سیاست، معیشت، معاشرت، تجارت سمیت ہر شعبہ زندگی زوال اور بحران کا شکار ہے۔

ناقابل برداشت مہنگائی، بے روزگاری، بدامنی، لاقانونیت، کرپشن، رشوت، سفارشی کلچر، پے در پے سیاسی عدم استحکام نے ملک کو تباہی کے دہانے پر لاکھڑا کیا ہے۔ سْود در سْود قرضوں کے باعث ملکی معیشت مسلسل زوال کا شکار ہے۔ حکمرانوں کی شاہ خرچیاں اور عوام الناس کی دن بہ دن بڑھتی ہوئی غربت نے ملک و قوم کو پستی کی دلدل میں دھکیل دیا ہے۔  ایک نظریے اور مقصد کے تحت اسلاف نے لازوال قربانیاں دے کر ملک حاصل کیا لیکن حکمران ٹولے نے پاکستان کو اس کے اصل مقصد سے دور کردیا۔  بڑھتی ہوئی کرپشن،  بدامنی، بے روزگاری  نے  نوجوان طبقہ کو نشے کا عادی بنادیا ہے۔ آئے روز چوری اور لوٹ مار کی وارداتیں حکمرانوں کا منہ چِڑا رہی ہے۔  حکومتیں عوام کو تعلیم ،صحت جیسی بنیادی ضروریات تک دینے سے قاصر ہیں۔  فرسودہ اور بیمار نظام کی اصلاح کے لیے مکمل اور بھرپور اوورہالنگ ناگزیر ہے۔

لیاقت بلوچ نے کہا کہ جماعت اسلامی واحد جماعت ہے جس نے عوام کی خدمت اور دیانت کی مثالیں قائم کی ہیں۔ جماعتِ اسلامی اتحاد اْمت کی داعی اور سب کو ساتھ لے کر چلنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔ آئینِ پاکستان کا تقاضا ہے کہ اللہ کی زمین پر اللہ کا نظام  اور قانون نافذ کیا جائے، جس کے لیے جماعتِ اسلامی مسلسل جدوجہد کررہی ہے۔ ملک میں اسلام کے عادلانہ نظام کے قیام سے ہی مسائل کا خاتمہ اور عوام کی فلاح و بہبود ممکن ہے۔ حکمران خوفِ خدا کو شعار بنالیں، محرومیاں بڑھتی رہیں تو حکمران عوامی غیض و غضب سے بچ نہیں پائیں گے۔ بحرانوں کا واحد حل اسلامی نظام کا قیام ہے۔ جماعتِ اسلامی عوام کے اندر اسلامی نظام کے قیام کے لیے شعور پیدا کرنے کی جدوجہد جاری رکھے گی۔