سری نگر(کے پی آئی) نئی دہلی کی تہاڑ جیل میں قیدکل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنما شبیر احمد شاہ نے عالمی برادری پر زور دیا ہے کہ وہ تنازعہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق پر امن طریقے سے حل کرانے میں اپنا کردار ادا کرے۔
شبیر احمد شاہ نے نئی دہلی کی بدنام زمانہ تہار جیل سے اپنے ایک پیغام میں دنیا بھر کے لوگوں کو نئے سال کی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہاکہ تنازعہ کشمیر اب76ویں سال میں داخل ہوا ہے اوریہ اقوام متحدہ اور تمام بااثر عالمی طاقتوں کی ذمہ داری ہے کہ وہ اس دیرینہ تنازعے کے حل کے لئے اپنا کردار اداکریں۔
شبیراحمد شاہ نے تنازعہ کشمیر کو سب سے پرانے حل طلب مسائل میں سے ایک قرار دیتے ہوئے کہا کہ 75 سال گزرجانے کے باوجود دنیا کشمیریوں کی حالت زار سے لاتعلق ہے جن کوبھارت کے طویل فوجی قبضے کا سامنا ہے۔
حریت رہنما نے علاقے پر بھارت کے مسلسل غیر قانونی اور جبری قبضے پر اپنی شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ بہت بدقسمتی ہے کہ کشمیریوں کواقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں پرعملدرآمدکے مطالبے پر نشانہ بنایاجارہاہے جس میں انہیں حق خودارادیت کی ضمانت دی گئی ہے۔
شبیر احمد شاہ نے مقبوضہ علاقے کی بگڑتی ہوئی صورتحال کا حوالہ دیتے ہوئے کہاکہ ماورائے عدالت قتل ، جبری گرفتاریاں ، تشدد ، خواتین کے ساتھ ناروا سلوک ، سیاسی سرگرمیوں پر پابندی اور بھارتی فوجیوں کی طرف سے انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں ایک معمول بن چکا ہے
۔انہوں نے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس پر زور دیا کہ وہ بھارتی فورسز کی طرف سے کشمیریوں کی منظم نسل کشی کا فوری نوٹس لیں اوربھارت پر دبا ئوڈالیں کہ وہ کشمیری عوام کو اپنے سیاسی مستقبل کا فیصلہ خود کرنے کا موقع فراہم کرے۔