پاکستان مسلم لیگ ن، پی پی 17 کے نائب صدر طارق حسن عباسی کاساتھیوں سمیت ٹی ایل پی میں شمولیت کا اعلان

راولپنڈی(صباح نیوز)راولپنڈی حلقہ پی پی 17 میں سیاسی ہلچل عروج پہ تحریک لبیک پاکستان راولپنڈی کی بڑی کامیابی، پاکستان مسلم لیگ ن PP-17 کے نائب صدر و وائس چیئرمین UC-73 شکریال اور سابق صدر انجمن تاجران کھنہ روڈ طارق حسن عباسی نے مسلم لیگ ن کو خیر آباد کہہ کر حلقہ احباب سمیت تحریک لبیک پاکستان میں شمولیت کا اعلان کر دیا۔

تحریک لبیک پاکستان کی جانب سے جاری بیان کے مطابق امیر ٹی ایل پ شمالی پنجاب پیر سید عنایت الحق شاہ سلطانپوری، ناظم نشر و اشاعت شمالی پنجاب راجہ دانش بختیار دھنیال ، امیر تحریک لبیک پاکستان PP-17 علامہ محمد ربنواز فاروقی، رابطہ سیکرٹری برائے انتظامیہ ملک ہارون گڈو، رابطہ سیکرٹری برائے تنظیم پی پی 17 راجہ مجیب الرحمن، امیر UC-73 راجہ عتیق الرحمن و دیگر کی موجودگی میں مسلم لیگ ن PP-17 کے نائب صدر و وائس چیئرمین UC-73 شکریال طارق حسن عباسی نے امیر ٹی ایل پی شمالی پنجاب پیر سید عنایت الحق شاہ سلطانپوری سے ملاقات کے بعد مسلم لیگ ن کو خیر آباد کہہ کر حلقہ احباب سمیت تحریک لبیک پاکستان میں شمولیت کا اعلان کر دیا۔

اس موقع پر طارق حسن عباسی کا کہنا تھا کے کئی سالوں سے اس فرسودہ نظام کو برداشت کرتے آرہے ہیں مگر پاکستان کی سیاسی تاریخ میں سوائے تحریک لبیک پاکستان کے کوئی سیاسی و مذہبی جماعت ایسی نہیں جو اپنے نظریے اور منشور پر ثابت قدم کھڑی ہو اتنے بڑے کریک ڈائون ظلم اور بربریت برداشت کرنے کے بعد بھی اگر کوئی جماعت پہلے سے زیادہ مضبوطی سے اپنے مشن پر گامزن ہے تو وہ تحریک لبیک پاکستان ہی ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان میں نظام مصطفیۖ اور اس ملک کی بقا کی خاطر کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے یہ ہمارے لیے اعزاز ہے کہ ہم اس قافلے کا حصہ بنے اور پہلے سے زیادہ بڑھ چڑھ کر تحریک لبیک پاکستان کے شانہ بشانہ پاکستان کو مزید مستحکم بنانے کا عزم رکھتے ہیں۔لا الہ الااللہ کے قانون اور اسلام کے نظام کے لیے آنے والے انتخابات میں ووٹ صرف تحریک لبیک یارسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو ہی دیں ۔