تہران(صباح نیوز)ایران اورپاکستان نے دہشت گردی اور منشیات کے خلاف مشترکہ حکمت عملی اپنانے پر اتفاق کیا ہے۔
یہ بات ایران کی سی آئی ڈی پولیس کے سربراہ بریگیڈیئر جنرل محمد قنبری نے اپنے دورہ پاکستان سے واپسی پر ، ایرانی نیوز ایجنسی سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔
بریگیڈیئر محمد قنبری کا کہنا تھا کہ ان کے دورے میں دونوں ملکوں کے متعلقہ حکام کے درمیان بات چیت انتہائی سودمند رہی۔
ایران کی سی آئی ڈی پولیس کے سربراہ نے کہا کہ ایران اور پا کستان کے درمیان اتفاق رائے کی وجہ سے مشترکہ سرحدوں کے دونوں جانب جرائم پیشہ عناصر کی سرگرمیاں مشکل ہوگئی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ منظم جرائم کے حوالے سے ایران اورپاکستان کے نظریات میں مکمل ہم آہنگی پائی جاتی ہے۔ سی آئی ڈی کے سربراہ نے کہا کہ ان کے دورہ اسلام آباد کے موقع پر ایران اور پاکستان کے درمیان دہشت گردی اور منشیات کے خلاف جدوجہد کے حوالے سے اچھا اتفاق رائے حاصل ہوا ہے۔
واضح رہے کہ ایران کی سی آئی ڈی پولیس کے سربراہ جنرل محمد قنبری اتوار کو دو روزہ سرکاری دورے پر ، پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد پہنچے تھے