ملک وقوم کی بدنامی کا باعث بننے والے پھرحکمرانی کی خواہش رکھتے ہیں،ڈاکٹرطارق سلیم


راولپنڈی ( صباح نیوز)امیرجماعت اسلامی پنجاب ڈاکٹرطارق سلیم نے کہاہے کہ موجودہ اورسابقہ حکمران ایک ہیں ،بعض سیاستدانوں کا کرداراس قدربھیانک ہے کہ اجتماعی توکیاان کی اپنی نجی محفلوں میں بھی بیان کے قابل نہیں لیکن پھربھی وہ قوم کی قیادت اوراسلامی جمہوریہ پاکستان میں حکمرانی کی خواہش رکھتے ہیں اس کے مقابلے میں جماعت اسلامی نے قوم کوایسے حکمران اور ممبران پارلیمنٹ دئیے ہیں جن کے اخلاق اور دیانت کی گواہی بدترین مخالف بھی دیتے ہیں۔اسلامی جمعیت طلبہ نے74برسوں میں قوم کوقابل فخرنسل تیارکرکے دی۔

ان خیالات کااظہارانھوں نے اسلامی جمعیت طلبہ کے زیراہتمام منعقدہ ایجوکیشنل ایکسپوسے خطاب کرتے ہوئے کیا،اس موقع پر صوبائی سیکرٹری جنرل اقبال خان،ناظم صوبہ جمعیت حسن بلال ہاشمی ،صدرحلقہ احباب اقبال ملک سمیت دیگرذمہ داران نے اظہارخیال کیا۔صوبائی سیکرٹری اطلاعات انعام الحق اعوان ،ناظم مقام عطاء اللہ ،صدرالخدمت فائونڈیشن ندیم انجم عباسی سمیت اساتذہ اور طلبہ وطالبات کی بڑ ی تعدادایجوکیشنل ایکسپومیں شریک ہوئی ۔

ڈاکٹرطارق سلیم نے کہاکہ کراچی میں جماعت اسلامی کے نعمت اللہ خان سٹی کے حکمران بنے تودیانت اوربہترین مینجمنٹ سے عروس البلاد کی روشنیاں لوٹاکرترقی کاسفرشرو ع کیا ،سراج الحق خیبرپختونخواکے وزیرخزانہ بنے توصوبے کاتمام قرض زیروکرکے عوام کوریلیف دیا ،عنایت اللہ خان نے بطور وزیر پشاورکوپھولوں کا شہربناکرصوبائی دارالحکومت کوماڈل سٹی بنایا اور عوامی ریلیف کے لیے اقدامات کئے ۔ قوم عام انتخابات میں جماعت اسلامی کی دیانتدارقیادت پراعتماد کرتے ہوئے ووٹ کی پرچی سے اپنی تقدیربدلے۔