وزیر ریلوے کاٹرین روک کردہی خریدنے کا نوٹس


اسلام آباد/لاہور (صباح نیوز)وفاقی وزیر ریلوے اعظم سواتی نے لاہور میں کاہنہ کاچھا ریلوے اسٹیشن کے قریب اسسٹنٹ ڈرائیور کی ٹرین روک کردہی خریدنے کی ویڈیو کا نوٹس لے لیا اور ٹرین ڈرائیور رانا شہزاداوراسسٹنٹ ڈرائیورافتخارحسین کو معطل کرنے کا حکم دے دیا۔

ان کا کہنا تھاکہ اس طرح کے واقعات برداشت نہیں کیے جائیں گے، پاکستان ریلوے قومی امانت ہے، ذاتی مقاصد کیلئے استعمال نہیں ہونے دیں گے۔لاہور میں کاہنہ کاچھا ریلوے اسٹیشن کے قریب اسسٹنٹ ڈرائیور ٹرین روک کر دہی لینے بازار چلا گیا جبکہ واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔

ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ کاہنہ کاچھا ریلوے اسٹیشن کے قریب ٹرین رکی ہوئی ہے اور اسسٹنٹ ڈرائیور کے دہی لیکر واپس آنے پر ٹرین چل پڑتی ہے جبکہ انجن پر 5217نمبر درج ہے۔واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی جس پر صارفین کی جانب سے سخت ردعمل کا اظہار کیا جارہا ہے۔