اللہ کا دیا گیا نظام ہی انسانیت کے مسائل کا حل ہے،امیر العظیم

لاہور(صباح نیوز)سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی امیر العظیم نے کہا ہے کہ مولانا مودودی نے کیمونزم، سرمایہ دارانہ نظام اور قوم پرستی کے عفریت سے متعلق جو پیشین گوئیاں کیں، درست اور سچ ثابت ہوئیں۔ اللہ تعالیٰ کا دیا گیا نظام ہی انسانیت کے مسائل کا حل ہے۔ اہل اور ایماندار قیادت ہی ملک میں بہتری لا سکتی ہے، اسلام آباد میں تبدیلی آئے گی تو پاکستان تبدیل ہو گا۔

وہ المرکز الاسلامی پشاور میں امرائے اضلاع و سیکرٹریز کی ورکشاپ سے خطاب کررہے تھے۔ امیر العظیم نے کہا کہ جماعت اسلامی اور اس کی رفاہی تنظیم الخدمت فائوڈیشن اقامت دین کے طور پر کام کرتے ہوئے عوام الناس کی فلاح و بہبود کی خدمات سرانجام دے رہی ہے۔ حالیہ سیلاب میں جماعت اسلامی اور الخدمت کی رفاہی سرگرمیاں روز روشن کی طرح عیاں ہیں۔

انھوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ کی مدد و نصرت اور عوام کی تائید سے جماعت اسلامی اقتدار میں آ کر ملک کو حقیقی معنوں میں ترقی و خوشحالی کی راہ پر ڈالے گی۔ جماعت اسلامی ملک کے تابناک مستقبل کی روشن نوید ہے۔ دنیا جماعت اسلامی اور اس کے اکابرین کی امانت و دیانت کی معترف ہے اور اس پر اعتماد کرتی ہے۔ انھوں نے کہا کہ انصاف اور قانون کی بالادستی سے ہی معاشرہ ترقی کر سکتا ہے۔