مارکیٹیں اور ریسٹورنٹ 8بجے بند کرنے کے فیصلے کو مسترد کرتے ہیں۔ محمد جاوید قصوری

لاہور (صباح نیوز)امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ مارکیٹیں اور ریسٹورنٹس رات8بجے اور شادی حال رات 10بجے بند کرنے کے وفاقی کابینہ کے فیصلے کو تاجر برادری نے مسترد کردیا ہے۔جماعت اسلامی بھی تاجر برادری کے ساتھ کھڑی ہے ۔ توانائی بحران کو بہانہ بنا کر حکومت عوام سے روزگار چھیننے کی کوشش کررہی ہے۔ حکومت اگر سنجیدگی سے توانائی بحران کا خاتمہ کرنا چاہتی ہے تو اداروں کی کارکردگی کو بہتر بنانے ، عوام کو تنگ نہ کیا جائے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے مختلف تقریبات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی اور پی ڈی ایم کی سیاسی محاذ آرائی کی وجہ سے پنجاب کے عوام بے یار و مددگار ہیں، سیلاب متاثرین شدید سردی میں منتظر ہیں کہ حکومت کب ان کی فریاد سنے گی مگر بد قسمتی سے حکومت کی ترجیحات میں صرف اقتدار کے حصول کی جنگ کے سوا کچھ نہیں۔ لوگوں کے مسائل میں کمی کی بجائے مزید اضافہ ہوگیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک و قوم عام انتخابات کی طرف بڑھتے نظر آرہے ہیں۔ اگر حکومت اور اپوزیشن چاہتے ہیں کہ ملک کے اندر صاف و شفاف اور غیر جانبدار انتخابات ہوں تو اس کے لیے ضروری ہے کہ الیکشن ریفارمرز کی جائیں۔ حکومت سازی میںاسٹیبلشمنٹ کا کردار ختم ہو اور تمام سیاسی جماعتوں کو کھلا میدان میسر آئے۔ کوئی بھی فیورٹ نہیں ہونا چاہیے۔ محمد جاوید قصوری نے اس حوالے سے مزید کہا کہ وقت کا تقاضا ہے کہ کرپٹ ٹولے سے نجات حاصل کی جائے ۔ ملک و قوم تحریک انصاف کی تبدیلی اور پی ڈی ایم کی حقیقت سب دیکھ چکے ہیں۔ یہ چلے ہوئے کارتوس ہیں، جوچہرے اور پارٹیاں بدل کر ہر بار اقتدار میں آجاتے ہیں اور ملک و قوم کے مفاد کے بر خلاف اپنی تجوریاں کو بھرتے اور اقتدار کو انجوائے کرنے کے سوا کچھ نہیں کرتے