قرآنی تعلیمات پر عمل پیرا ہو کر ہی انسانیت کامیابی کی معراج کو چھو سکتی ہے،راشد نسیم

 کراچی (صباح نیوز)نائب امیر جماعت اسلامی راشد نسیم نے کہا ہے کہ قرآنی تعلیمات پر عمل پیرا ہو کر ہی انسانیت کامیابی کی معراج کو چھو سکتی ہے۔ لبرل، سیکولر اور فطرت سے دور لیڈران دنیا کے بگاڑ کا باعث ہیں، ان کے ہوتے ہوئے پاکستان ہی نہیں پوری انسانیت غلامی، بے بسی اور بے چارگی میں رہے گی۔

وہ پاکستان اسلامک میڈیکل ایسوسی ایشن کراچی کے زیر اہتمام فہم قرآن پروگرام سے خطاب کر رہے تھے۔ صدر پیما کراچی عبداللہ متقی، ڈاکٹر سلمان غوری، ڈاکٹر عاطف حفیظ ، صدر تحریک اسلامی پاکستان حافظ زاہد حسین، بزرگ رہنما مولانا عبدالستار ہاشمی بھی اس موقع پر موجود تھے۔راشد نسیم نے کہا کہ آنے والا دور قرآن فہمی کا دور ہے۔ ملک کے مسائل کی بڑی وجہ یہ ہے کہ اقتدار پر ان لوگوں کا قبضہ ہے جو فہم قرآن سے عاری ہیں۔

انھوں نے کہا کہ قیادت پر معمور لبرل اور سیکولر لوگوں نے جدید سائنسی تعلیم کے باوجود بھی دنیا کو مسائل کے انبار میں دھکیلا اس کی بڑی وجہ یہ ہے کہ ان حکمرانوں کے دل و دماغ قرآنی تعلیمات سے خالی ہیں۔ انھوں نے کہا کہ ملک تبھی ترقی کرے گا اور انسانیت تب سرخرو ہو گی جب قرآن کے پیغام کو سمجھنے اور اس پر عمل پیرا ہونے والے لوگ آگے آئیں گے۔