ملک پر مسلط حکمران جماعتوں پر خاندانوں کی اجارہ داری ہے، راشد نسیم

اسلام آباد(صباح نیوز)نائب امیر جماعت اسلامی راشد نسیم نے کہا ہے کہ لبرل اور سیکولرپارٹیاں شخصیات جبکہ اسلامی جماعتیں نظریات کے گرد گھومتی ہیں اور ان کا پیغام اجتماعیت کا ہوتا ہے ۔ شخصی رجحانات والی جماعتیں تعمیر کی بجائے تخریب کا ذریعہ بنتی ہیں ۔ ملک پر مسلط حکمران جماعتوں پر بھی شخصیات اور خاندانوں کی اجارہ داری ہے ، ان کے ہوتے ہوئے لوٹ مار ، کرپشن ، توشہ خانہ اور خزانہ چوری نہیں رکے گی ۔ ملک میں ترقی اور خوشحالی اسلامی نظام سے آئے گی اور صرف اسلامی نظریہ کی حامل جماعت ہی یہ تبدیلی لا سکتی ہے ۔ وہ اسلام آباد میں اجتماع ارکان جماعت اسلا می آزاد کشمیر سے خطاب کررہے تھے۔

راشد نسیم نے کہا کہ افغانستان میں طالبان حکومت اور مصرمیں اخوان المسلمین اجتماعیت کی شاندار مثالیں ہیں ۔طالبان نے امریکہ کو شکست دی اور نظریہ کی طاقت سے دنیا کی سپرپاور کو ملک سے نکال باہر کیا ۔ اگر مصر میں شفاف انتخابات ہوتے ہیں تو اسلامی نظریاتی طاقت کی حامل اخوان ہی کامیابی حاصل کرے گی ۔ انہوںنے کہا کہ پاکستانی قوم شخصی آمریت کے گرد گھومنے والی پارٹیوں کی بجائے جماعت اسلامی کا ساتھ دیں ۔