عمران خان اور پرویز الہی کے راستے عملاً جدا ہو گئے،لیاقت بلوچ

لاہور(صباح نیوز)نائب امیر جماعت اسلامی مجلس قائمہ سیاسی قومی امور کے صدر لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ عمران خان اور پرویز الہی کے راستے عملاً جدا ہو گئے ۔ چوہدری خاندان کے پاس جڑنے کا بہترین آپشن میسر آ گیا ہے ۔ چوہدری خاندان کے لیے اب پی ٹی آئی اور مسلم لیگ ( ن ) ایک ہی طرح کے مخالف دھڑے بن گئے ہیں ۔ آئندہ انتخابات کے لیے مسلم لیگ ( ق ) کو نئی دنیا بنانی ہو گی۔

منصورہ میں وفد سے ملاقات میں لیاقت بلوچ نے کہا کہ جب سیاست اصولوں ، میرٹ ، جمہوری پارلیمانی قدروں کی پابندی نہ ہو تو صرف اورصرف مفادات ہی سب کچھ بن جاتے ہیں ۔ عام انتخابات تو اب  نوشتہ دیوار ہیں لیکن انتخابات کو با اعتماد اور پائیدار بنانے کے لیے قومی قیادت لا حاصل جھگڑا ترک کرے، انتخابی اصلاحات متناسب نمائندگی کی بنیاد پر  انتخابات کے لیے قومی ڈائیلاگ کیا جائے ۔

لیاقت بلوچ نے قطر کے امیر اور قطری عوام کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ورلڈ کپ تو ارجنٹائن لے گیا لیکن قطر نے پوری دنیا میں حیرت انگیز خوشگوار اثرات نقش کئے ہیں ۔ قطر نے میگا ایونٹ کامیابی سے منعقد کر کے تمام مسلم ممالک کا سر فخر سے بلند کیا۔ عالم اسلام کا مثبت پیغام گیا ہے ۔

قطر حکمرانوں نے کمال حکمت اور شاندار تدبر کے ساتھ مغربی کی بجائے مشرقی کلچر کی دھاک بٹھائی ہے ۔ پاکستان کے عوام فرانس فٹ بال ٹیم کے مقابلہ میں ارجنٹائن کے حامی تھے ۔ ارجنٹائن نے سعودی عرب سے شکست کے بعد شاندار کم بیک کیا اور چمپئین بن گیا ۔