پی پی،ن لیگ اور پی ٹی آئی کو بیساکھیوں کی بنیاد پر کھڑا کر کے اقتدار دلوایا گیا،راشد نسیم

لاہور (صباح نیوز)نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان راشد نسیم صاحب نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی کسی صورت پیپلز پارٹی پھر مسلم لیگ ن اور پی ٹی آئی والی کامیابی نہیں چاہتی۔ ان سب جماعتوں کو بھاری مینڈیٹ دلوایا گیا اور بیساکھیوں کی بنیاد پر کھڑا کر کے اقتدار دلوایا گیا، لیکن اس کے باوجود پاکستان زوال پذیر ہوتا چلا گیا۔

نائب امیر جماعت اسلامی راشد نسیم نے کشمیر جماعت اسلامی کے سالانہ اجتماع میں مزید کہا کہ جماعت اسلامی ایسی کامیابی کا نہ حصہ بنے گی جو ملک کو ناکامی کی طرف گامزن کر دے بلکہ جماعت اسلامی ایسی کامیابی حاصل کرنا چاہتی ہے جس سے ملک ترقی کی راہ پر گامزن ہو، پاکستانی قوم کو سکھ کا سانس اور خوشحالی نصیب ہو۔  اورملک آگے کی طرف گامزن ہو اور ترقی کرے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ ماضی کی طرح جماعت اسلامی شاندار کارکردگی سے لوگوں کو متاثر کرکے ایوانوں میں پہنچنا چاہتی ہے، جماعت اسلامی سید مودودی رح کے راستے پر چل کر 1971 کے عام انتخابات کی طرح ان شاء اللہ 2023 کے انتخابات میں ملک کی تیسری بڑی سیاسی قوت بن کر ابھرے گی۔ جماعت اسلامی میں کوئی دو رنگی اور تناقص نہیں ہے جبکہ اس نظام کی باقی سب پارٹیاں دو رنگی، چوری اور ڈکیتی میں ملوث ہیں ، کوئی توشہ خانہ سے سونے کی گھڑیاں اور زیوارت لے گیا اور کوئی کاریں تو کوئی کار لے گیا،

چاہے وہ سابق فوجی جرنیل ہوں یا ججز، چاہے، ملک کے سابق وزرائے اعظم ہوں سب کے سب امیر سے امیر تر ہوتے چلے جا رہے ہیں اور باہر جائیدادیں بنانے میں لگے ہیں، اور پاکستان غریب ہورہا ہے۔  پاکستان کا روآں روآں کڑوے میں لپٹ رہا ہے، بچہ بچہ لاکھوں روپے کا مقروض ہو گیا ہے، جماعت اسلامی یہ طرز عمل نہیں چاہتی بلکہ وہ کردار چاہتی ہے جس میں ایمانت داری، دیانت داری اور صلاحیت کے ساتھ پاکستان کو ترقی کی راہ پر گامزن کیا جائے تاکہ پاکستان دنیا کے سامنے بھی بلند مقام حاصل کرے۔