ملک میں انتخابی اصلاحات کے بغیر نئے الیکشن کروانے کا کوئی فائدہ نہیں،محمد جاوید قصوری

لاہور (صباح نیوز)امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ انتخابی اصلاحات کے بغیر الیکشن کا کوئی فائدہ نہیں ہوگا۔ وہی صورتیں اور وہی کردار دوبارہ بر سر اقتدار آجائیں گے جنوں نے ملک کو قوم کو اس نہج پر پہنچایا ہے۔ضرورت اس امر کی ہے کہ تمام سیاسی جماعتوں کو پارلیمنٹ میں انتخابی اصلاحات کے حوالے سے اپنا مثبت کردار ادا کرنا چاہیے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے مختلف تقریبات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ عام آدمی موجودہ انتخابی نظام میں الیکشن نہیں لڑ سکتا کیونکہ الیکشن روپے پیسے کی کھیل بن چکا ہے۔ انتخابی قواعد و ضوابط اور الیکشن میں بہتر تبدیلیاں لا کر انتخابات کے عمل کو درست کیا جاسکتا ہے۔ ملک و قوم اس وقت سنگین بحرانوں کا شکار ہے۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی اور پی ڈی ایم سب جماعتیں اگر واقعی پاکستان میں سیاسی عدم استحکام کو ختم کرنا چاہتی ہیں اور ملکی معیشت کو مضبوط بنانا چاہتی ہیں تو انہیں عام انتخابات سے قبل مل کر بیٹھنا چاہیے اور غیر جانبدار انتخابات کی طرف بڑھنا ہوگا۔

آئین میں اسٹیبلشمنٹ کا کردار متعین ہے ۔ اداروں کو آئینی حدود و قیود میں رہتے ہوئے کام کرنا چاہیے اور ملکی سیاست میں دخل اندازی کی بجائے ملک کے دفاع کو مضبوط اور مستحکم  بنا نے کے لئے قومی کردار ادا کرنا ہوگا۔ محمد جاوید قصوری نے اس حوالے سے مزید کہا کہ ملک داخلی لحاظ سے کمزور ہورہا ہے ، عوام حیران و پریشان ہیں ، کسی کو بھی ان کی فکر نہیں ۔ پی ٹی آئی اور پی ڈی ایم ایک دوسرے سے اقتدار چھیننے کی کوششوں میں مصروف ہیں۔ یہ روش ختم ہونی چاہیے اور عوام کے مینڈیٹ کا احترام ہونا چاہیے۔