قرآن و سنت کا نظام تمام مسائل کا حل ہے، حافظ محمد ادریس

لاہور(صباح نیوز)مرکزی رہنما جماعت اسلامی حافظ محمد ادریس نے کہا ہے کہ قرآن و سنت کا نظام تمام مسائل کا حل ہے، ملک میں عدل و انصاف اور خوشحالی اسی نظام سے ہی آ سکتی ہے۔ طاغوتی نظام نے انسانیت کو غلامی کے سوا کچھ نہیں دیا۔ حکمران استعمار کے وفادار اور اسلامی نظام کی راہ میں رکاوٹ ہیں، ان سے چھٹکارا حاصل کرنا ہو گا۔ وہ جامع مسجد منصورہ میں جمعہ کے اجتماع سے خطاب کر رہے تھے۔

حافظ ادریس نے کہا کہ حکمرانوں کی آپسی لڑائیوں نے ملک کو شدید بحران سے دوچار کر دیا ہے۔ حکومت کی غلط پالیسیوں کی وجہ سے عوام تنگ ہیں،اشیائے خورونوش کی قیمتیں عام آدمی کی پہنچ سے دور ہو گئی ہیں۔ سود اور کرپشن کی وجہ سے معیشت تباہ ہو چکی ہے۔ حکومت سود کے خلاف وفاقی شرعی عدالت کے فیصلہ کو نافذ کرے۔ انھوں نے کہا کہ ملک میں مہنگائی ، بے روزگاری کے ساتھ ساتھ امن و امان کی صورت حال بھی خراب ہے اور کسی کی جان و مال محفوظ نہیں۔

انھوں نے کہا کہ جماعت اسلامی ملک میں اسلامی نظام چاہتی ہے۔حافظ ادریس نے کہا کہ بھارت ہمارا ازلی دشمن، اس نے آج تک پاکستان کو دل سے تسلیم نہیں کیا۔ ملک میں دہشت گردی کے تانے بانے بھارت سے ملتے ہیں۔ بھارتی فورسز نے مقبوضہ کشمیر کو دنیا کی سب سے بڑی جیل میں تبدیل کر دیا۔ انھوں نے کہا کہ عالمی برادری کشمیر میں ہونے والی انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا نوٹس لے۔