اسلام آباد(صباح نیوز) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ پاکستان موسمیاتی تبدیلی کے مسئلے کا نہیں بلکہ حل کا حصہ بننا چاہتا ہے، اگلی نسل کو صاف ستھرا مستقبل فراہم کرنے کی ذمہ داری موجودہ نسل پر عائد ہوتی ہے۔
اسلام آباد میں وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت کمیٹی برائے موسمیاتی تبدیلی کا اجلاس ہوا، جس میں موسمیاتی مسائل پر بریفنگ دی گئی۔بریفنگ میں بتایا گیا کہ فضائی آلودگی کے مسائل نومبر سے شروع ہوئے اور پنجاب کے بیشتر علاقے متاثر ہوئے۔
وزیراعظم نے دوران اجلاس شہری علاقوں کے لیے فوری طویل المدتی منصوبہ بندی پر زور دیا اور موسمیاتی تبدیلی سے متعلق منصوبے کی اصولی منظوری دی۔ عمران خان نے کہا کہ پاکستان موسمیاتی تبدیلی کے مسئلے کا حصہ نہیں بلکہ حل کا حصہ بننا چاہتا ہے۔انہوں نے کہا کہ آلودگی پر قابو پانے کے لیے طویل المدتی پائیدار شہری صفائی کے منصوبے کی ضرورت ہے، اگلی نسل کو صاف ستھرا مستقبل فراہم کرنے کی ذمہ داری موجودہ نسل پر عائد ہوتی ہے۔
وزیراعظم نے مزید کہا کہ حیاتیاتی تنوع کانقصان جنگلات کی کٹائی اور جنگلات کی زمین پر تجاوزات کی وجہ سے ہے۔انہوں نے کہا کہ آنے والی نسلوں کو محفوظ ماحول دینے کے لیے موسمیاتی تبدیلی کے موافق اقدامات کی ضرورت ہے۔ع
مران خان نے یہ بھی کہا کہ ماحولیاتی آلودگی میں پاکستان کا حصہ نہ ہونے کے برابر ہے جبکہ موسمیاتی تبدیلی کے اثرات پاکستان پر بہت زیادہ ہیں۔انہوں نے موسمیاتی تبدیلی سے متعلق منصوبے کی اصولی منظوری دی اور کہا کہ منصوبے میں تحفظ اور آلودگی پر قابو پانے کے اقدامات شامل ہیں، منظوری اورعمل درآمد کے لیے ایک تفصیلی منصوبہ 4 ماہ میں مکمل کیا جائے گا۔