اسلام آباد(صباح نیوز) وفاقی وزارت تعلیم اور پیشہ ورانہ تربیت نے جموں و کشمیر کے شاندار ثقافتی ورثے کو اجاگر کرنے کے لیے ہفتہ کو اسلام آباد میں دو روزہ تقریبات کا آغاز کیا۔
کشمیر جنت نظیر کے عنوان سے یہ تقریبات 28 دسمبر سے 29 دسمبر تک اسلام آباد ماڈل کالج فار گرلزF8/1 میںمنعقد ہو رہی ہیں۔ تقریبات کا مقصد کشمیر کی شاندار ثقافت، روایات اور تاریخ کو اجاگر کرنے کیساتھ ساتھ کشمیری عوام کی جدوجہد ، امنگوں اور خطے کی خوبصورتی کو دنیا کے سامنے لانا ہے۔ پہلے روز تحریک آزادی کشمیر کے معروف رہنما نذیر احمد شال مرحوم کی تصنیف بارہمولہ سے برنہم کی تقریب رونمائی منعقد ہو ئی ۔تقریب کے مقررین میں وفاقی وزیر برائے گلگت بلتستان و کشمیر امور امیر مقام ،پاکستان مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما راجہ ظفر الحق، مسلم لیگ ن آزاد جموں و کشمیر شاخ کے صدر شاہ غلام قادر، وزارت تعلیم اور پیشہ ورانہ تربیت کے وفاقی سیکرٹری محی الدین احمد وانی، کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد جموں و کشمیرشاخ کے کنوینر غلام محمد صفی ،سابق کنوینر محمد فاروق رحمانی، سینئر حریت رہنماشمیم شال اور شامل تھے۔
جنھوں نے نذیر احمد شال کو شاندار الفا ظ میں خراج عقیدت پیش کیا ،پاکستان مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما راجہ ظفر الحق نے کہا کہ دنیا کے بدلتے ہوئے حالات میں ہمیں کشمیر پر اپنی جامع پالیسی بنانی ہوگی ، کشمیر کی آواز کو دنیا تک پہنچانے کے لئے ٹھوس اقدامات کی ضرورت ہے ، انہوں نے نذیر احمد شال کی کتاب کو ایک منفرد تصنیف قراردیتے ہوئے کہا کہ مرحوم کا تحریک آزادی کشمیر میں ایم مثالی کردار رہا ہے اور آج ایسا محوس ہورہا ہے جیسے وہ روحانی طور پر ہمارے ساتھ موجود ہیں ،
وزیرامور کشمیر انجینئر امیر مقام نے پاکستان کے اس عزم کو دہرایا کہ حکومت کشمیریوں کی ہر سطح پر اپنی حمائت جاری رکھے گی ، اور نذیر احمد شال نے جس مشن کے لئے اپنی زندگی وقف کی تھی وہ مشن منزل کے حصول تک جاری رکھا جائے گا ،تقریب کے دیگر شرکامیں سید یوسف نسیم، الطاف حسین وانی ،ایڈووکیٹ پرویز شاہ، مشتاق احمد بٹ، محمد سلطان بٹ، گلشن احمد، شیخ عبدالماجد، میاں مظفر، عدیل وانی، راجہ شاہین، زاہد صفی، منظور احمد ڈاراور ہلال احمد اور مختلف کالجوں کے طلبا شامل تھے۔تقریب کے آخر میں مرحوم نذیر احمد شال اور شہدائے کشمیر کے لئے خصوصی دعا بھی کی گئی ۔