سری نگر: مقبوضہ جموں و کشمیر میںکل جماعتی حریت کانفرنس نے کشمیر کے حوالے سے پاک فوج کے حالیہ بیان کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ اس سے بھارتی ریاستی دہشت گردی کا شکار کشمیریوں کے حوصلے بلند ہوئے ہیں۔
کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان یڈوکیٹ عبدالرشید منہاس نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ غیر قانونی بھارتی تسلط کا شکا ر کشمیری اپنے تعیں پر عزم اور غیر متزلزل حمایت پر پاکستان کے انتہائی مشکور ہیں ۔ انہوںنے کہا کہ بھارتی چیرہ دستیوں کا شکار کشمیری عوام پاک فوج کو اپنا محافظ تصور کرتے ہیں ۔ انہوںنے کہا کہ پاک فوج کا بیان محکوم کشمیریوں کے جذبات کا عکاس ہے اور یہ بھارت کے لیے ایک واضح پیغام ہے کہ وہ کشمیر پر اپنا بے بنیاد بیانیہ ترک کرے، کیونکہ جموںو کشمیر بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ ایک متنازعہ خطہ ہے جس کی حتمی حیثیت کا تعین ہونا ابھی باقی ہے۔
کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان نے کہا کہ پاک فوج کا بیان اس بات کی عکاسی کرتا ہے کہ پاکستان کشمیریوں کی آزادی کی جدوجہد میں ان کے شانہ بہ شانہ کھڑا ہے ۔انہوں نے کہا کہ کشمیری گزشتہ 76برس سے اپنے ناقابل تنسیخ حق، حق خود ارادیت کیلئے جدوجہد کر رہے ہیں اور انہیں یہ حق دیے بغیر خطے میں پائیدار امن و سلامتی ہرگز ممکن نہیں ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ تنازعہ کشمیر کے منصفانہ حل کے بغیر جنوبی ایشیا میں امن کا خواب ہرگز شرمندہ تعبیر نہیں ہوسکتا۔ ترجمان نے مزید کہا کہ کشمیری غیر قانونی تسلط سے آزادی کیلئے قربانیوں کی ایک لازوال تاریخ رقم کر رہے ہیں ، بھارت کو چاہیے کہ وہ ہٹ دھرمی اور غیر حقیقت پسندانہ طرز عمل ترک کر کے جموںوکشمیر سے فوجی انخلا کرے اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق خطے میں استصواب رائے کے انعقاد کیلئے ماحول کو سازگار بنائے۔ کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان نے عالمی برادری پر بھی زور دیا کہ وہ مقبوضہ جموںوکشمیر میں بھارتی جبر و استبداد کا نوٹس لے اور تنازعہ کشمیر کے حل کیلئے بھارتی قیادت پر ڈالے۔
ترجمان نے کہا کہ پاکستان میں شامل ہونا کشمیریوں کا ایک دیرینہ خواب ہے جو ایک روز ضرور پورا ہو گا۔دریں اثناء حریت رہنمائوں اور تنظیموں غلام محمد خان سوپوری، فریدہ بہن جی، ایڈووکیٹ ارشد اقبال، ایڈوکیٹ حسیب وانی، مولانا مصعب ندوی، امتیاز احمد ریشی، شکیل رحمان، حفظہ بانو، تحریک حریت، ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی، مسلم لیگ، ینگ مینز لیگ اور تحریک وحدت اسلامی نے بھی اپنے الگ الگ بیانات میں پاک فوج کے بیان کو سراہا۔انہوںنے کہا کہ پاک فوج کے ترجمان نے کشمیری عوام کی جائز امنگوں کی بھر پور ترجمانی کی اور یہ بیان کشمیر کاز کے حوالے سے پاکستان کی ثابت قدمی کا عکاس ہے۔ حریت رہنمائوں اور تنظیموں نے جموںوکشمیر کے بارے میں اپنے اصولی موقف پر ڈٹے رہنے پر پاکستان کا شکریہ ادا کیا۔
یاد رہے کہ ڈائریکٹر جنرل انٹر سروسز پبلک ریلیشنز(آئی ایس پی آر) لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے گزشتہ روز ایک پریس کانفرنس کے دوران بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر میں جاری بھارتی مظالم کی شدید مذمت کرتے ہوئے نئی دہلی کے اقدامات کو بین الاقوامی قوانین کی صریح خلاف ورزی قرار دیا ،انہوں نے کہا کہ بھارتی فورسز تلاشی آپریشنوں کے دوران بے گناہ کشمیری نوجوانوں کو شہید کر رہی ہیں ، ہم مقبوضہ جموںوکشمیر کے مظلوم لوگوں کے ساتھ کھڑے ہیں اور ہر فورم پر انکی سیاسی ، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھیں گے۔