وزیر اعلیٰ پنجاب چوہدری پرویزالٰہی قومی خزانہ سے اربوں روپے ذاتی تشہیر پر خرچ کر رہے ہیں


لاہور (صباح نیوز)امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ عام انتخابات سے چند ماہ قبل پنجاب کے عوام کے لئے پیکیج محض دکھاوا، وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویزالٰہی عوام کی فلاح و بہبود کیلئے کام کرنے کی بجائے قومی خزانہ سے اربوں روپے ذاتی تشہیر پر خرچ کر رہے ہیں۔ حکومتی منصوبوں کی دکھاوا مہم پر پابندی ہونی چاہئے۔ قوم کے خون پسینے کی کمائی ا نتخابی لحاظ سے اپنی تشہیری مہمات پر لگانا قابل مذمت ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز مختلف پروگرامات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ پنڈوراباکس میں 700 اور”وکی لیکس” میں 436 پاکستانیوں کی آف شور کمپنیاں بے نقاب ہو چکی ہیں ،مگر ان کے خلاف کسی قسم کی کوئی کارروائی عمل میں نہیں آئی ۔ قومی دولت کو غیر قانونی طور پر بیرون ممالک منتقل کرنے والوں کے خلاف کارروائی کا نہ ہونا المیہ ہے۔ ہر سال ایک ہزار ارب روپے کی منی لانڈرنگ حکمرانوں کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے۔ اس کی روک تھام کے لئے اقدامات نہ کئے گے تو معاشی بدحالی کا خاتمہ ممکن نہیں۔

انہوں نے کہا کہ ٹیکس چوری قومی جرم ہے۔ قوم کی دولت لوٹنے والوں کا کڑا محاسبہ کرنے کی ضرورت ہے۔ ملک میں جب تک بلا تفریق احتساب نہیں ہوگا، اس وقت تک کرپشن کا خاتمہ ممکن نہیں۔ ملک سے کرپشن کے خاتمے کے لیے چین کو رول ماڈل کے طور پر لیا جانا چاہئے۔ کرپشن ایک ناسور ہے جس نے معاشرے کی بنیادوں کو کھوکھلا کرکے رکھ دیا۔ ملک میں حکومت نام کی کوئی چیز نظر نہیں آتی۔

انہوں نے کہا کہ مٹھی بھر اشرافیہ نے 22کروڑ عوام کو یر غمال بنایا ہوا ہے۔ پورا نظام ہی مافیہ کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا گیا ہے۔ پی ٹی آئی اور پی ڈی ایم کے دور حکومت میں بھی ٹیکس چوری ، کرپشن ، منی لانڈرنگ میں  پہلے سے زیادہ اضافہ ہوا ہے۔

محمد جاوید قصوری نے اس حوالے سے کہا کہ پیپلز پارٹی، مسلم لیگ ن کے بعد قوم نے تحریک انصاف کو بھی آزما لیا ہے اور دیکھ رہے ہیں کہ ان میں سے کوئی بھی قوم کے ساتھ مخلص نہیں۔ پاکستان کو حقیقی اسلامی انقلاب کی ضرورت ہے