طلبہ کو اپنے تعلیمی نصاب کے ساتھ اسلامی لٹریچر سے بھی وابستہ رہنا چاہیے۔ حافظ محمد ادریس


لاہور(صباح نیوز)اسلامی جمعیت طلبہ لاہور کی دو روزہ تربیت گاہ سید مودودی انٹرنیشنل انسٹی ٹیوٹ میں منعقد ہوئی اور جماعت اسلامی پاکستان کے مرکزی رہنما حافظ محمد ادریس نے شرکائے تربیت گاہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نوجوان کسی بھی قوم کا سب سے قیمتی سرمایہ ہوتے ہیں۔ نوجوان اپنی تعلیم میں کمال حاصل کرنے کے ساتھ اپنی ملی اقدار و روایات کی پاسبانی بھی کریں، تو یہ نوجوانوں ، ان کے والدین اور پوری قوم کی خوش قسمتی ہوتی ہے۔ اسلامی جمعیت طلبہ نے لادینی ماحول میں تعلیم حاصل کرنے والے بے شمار نوجوانوں کو تربیت کے ذریعے ان اخلاقی برائیوں سے بچایا ہے جو آج کل کا عام معمول ہے۔ جمعیت کے کارکنان سے لے کر اعلیٰ ذمہ داران تک سب کو کتاب اور مطالعہ سے تعلق بڑھانا چاہیے۔ علمی پختگی اور مسائلِ زندگی سے آگہی کے لیے قرآن و سنت اور سیرت و اسلامی کتب کا گہرا مطالعہ ضروری ہے۔

حافظ محمد ادریس نے کہا کہ اپنا حلقۂ اثر وسیع کرنے کے لیے ذاتی روابط، خوش اخلاقی اور حسن سلوک کا ہر کارکن کو اہتمام کرنا چاہیے۔ دعوت دینا، نوجوانوں کو اپنے قریب لانا اور ان سے اپنا بھرپور تعارف کرانا وقت کا تقاضا اور طلبہ تحریک کی ضرورت ہے، جو نوجوان سیرت صحابہ کا مطالعہ کریں گے انھیں یہ علم ہو گا کہ حضور پاکۖ کی دعوت پر لبیک کہنے والے صحابہ و صحابیات کی بہت بڑی تعداد نوعمر لڑکوںاور لڑکیوں کی تھی۔ آج بھی نوجوان اسلام کے پلڑے میں اپنا وزن ڈالیں تو کوئی قوت ان کا راستہ نہیں روک سکتی۔ آپ اپنے وقت کا باقاعدہ بجٹ بنائیں اور ہر کام پر اس کے مطابق توجہ دیں۔