آئین و قانون کی بالادستی ہی ملک و قوم کو آگے لے کر جائے گی،محمد جاوید قصوری


لاہور (صباح نیوز)امیرجماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ ا ئین و قانون کی بالادستی ہی ملک و قوم کو آگے لے کر جائے گی ۔اعلیٰ عدلیہ آئین و قانون کی محافظ ہے ۔قانون کی حکمرانی سے ہی قوم درپیش بحرانوں سے نکل سکتی ہے ۔ نظریہ ضرورت کو ہمیشہ کے لئے دفن کرنا ہوگا ۔ ملکی حالات اتنے سنگین ہو چکے ہیں کہ کسی ایک جماعت کے لئے کنٹرول کرنا ممکن نہیں سب کو باہمی سیاسی اختلافات بھلا کر ملک و قوم کے لئے متحدہونا چاہئے۔ان خیالات کا اظہار انہو ں نے گزشتہ روزمختلف تقریبات سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

انہوں نے کہا کہ  ایک سوچی سمجھی سازش کے تحت ملک و قوم کو بند گلی کی طرف دھکیلا جارہا ہے، اس کا نقصان ہوگا۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ سیاستدان ہوش کے ناخن لیں اور معاملات کو افہام و تفہیم سے چلائیں۔ ملک کی معیشت سودی نظام پر چل رہی ہے۔ جب تک اس کا خاتمہ نہیں ہوگا ، اس وقت تک درپیش مسائل کا حل ممکن نہیں۔

انہوں نے کہا کہ ایک طرف ملک میں مہنگائی نے عوام کو ناکوں چنے چبوا دیئے ہیں تو دوسری جانب ظالمانہ سیلز ٹیکسوں نے چھوٹے کاروباری حضرات کے گلوں میں شکنجہ ڈال دیا ہے۔ پوری کی پوری معیشت ہی آئی ایم ایف کے رحم و کرم پر چھوڑ دی گئی ہے۔ موجودہ حکمران بھی ماضی کی حکومتوں کا تسلسل ہیں، جس سے خیر کی توقع نہیں ۔ سود او ر سودی نظام پر مبنی معیشت اور تجارت معاشی استحصال کی بنیاد اور کسی بھی معاشرے میں معاشی عد م مساوات کا بنیادی سبب ہے۔ قرآن و سنت میں سود کو حرام قرار دیتے ہوئے پوری صراحت کے ساتھ اس کے لین دین سے سختی سے منع کیا گیا ہے۔

محمد جاوید قصوری نے اس حوالے سے مزید کہا کہمہنگائی میں تین سو فیصد تک اضافہ ہو چکا ہے ۔ عوام کو کسی بھی قسم کا ریلیف میسر نہیں ۔رہی سہی کسر نا جائز منافع خوروں نے پوری کر دی ہے ، حکومت اور متعلقہ ادارے خود ساختہ مہنگائی کو کنٹرول کرنے میں بری طرح ناکام ہو چکے ہیں ۔ مہنگائی بے روزگاری نے عوام کی زندگی اجیرن بنا دی ہے ۔ گراں فروشی عروج پر ہے ۔ چیک اینڈ بیلنس کا کوئی نظام موجود نہیں۔اشیا ضروریہ کی قیمتیں آسمان سے باتیں کر رہی ہیں