(ن)لیگ کی طرح انتقامی سیاست کبھی نہیں کی،پرویزالٰہی


لاہور(صباح نیوز)وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی نے کہا ہے کہ (ن)لیگ کی طرح انتقامی سیاست کبھی نہیں کی، ون مین شو کی بجائے پوری ٹیم کو ساتھ لے کر چلتا ہوں، ہم نے عمران خان کا ساتھ دیا، دے رہے ہیں اور دیتے رہیں گے۔

چوہدری پرویز الٰہی سے صوبائی وزیر محمد لطیف نذر نے ملاقات کی جس میں صوبے کی سیاسی صورتحال اور فیصل آباد میں ترقیاتی کاموں پر ہونے والی پیشرفت پر بات چیت کی گئی جبکہ لطیف نذر نے پرویزالٰہی کو محکمہ معدنیات کی کارکردگی سے آگاہ کیا۔

اس موقع پر وزیراعلیٰ پنجاب پرویز الٰہی نے کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان پاکستان کے مقبول ترین لیڈر ہیں، ہماری سیاست کا محور عام آدمی کے حالات میں بہتری لانا ہے، ہمیشہ غریب آدمی کو ریلیف دینے کے لیے خلوص نیت سے کام کیا ہے، ایسے کام کررہے ہیں جو عوام میرے پہلے دور کی یاد رکھیں گے۔

وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ (ن)لیگ کی طرح انتقامی سیاست کبھی نہیں کی، ہم نے ہمیشہ مثبت سیاسی روایات قائم کی ہیں۔