صدر مملکت آصف علی زرداری کا چینی سفارت خانے کا دورہ، چینی سفیر جیانگ زئے دونگ کے ساتھ ملاقات

اسلام آباد(صباح نیوز)صدر مملکت آصف علی زرداری نے پاکستان میں مقیم چینی شہریوں کا تحفظ اور سلامتی یقینی بنانے کیلئے   پاکستان  کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ کراچی میں دہشت گردی کے اس گھنائونے جرم کے مرتکب افراد کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا، دشمن عناصر کی بزدلانہ کارروائیاں دوستوں کے درمیان دوستی کے بندھن کو کمزور نہیں کر سکتیں۔ ایوان صدر کے پریس ونگ کے مطابق صدر مملکت آصف علی زرداری نے جمعرات کو چین کے سفارت خانے کا دورہ کیا۔

صدر مملکت نے چین کے پاکستان میں  سفیر جیانگ زئے دونگ کے ساتھ ملاقات کی۔صدر مملکت نے 7 اکتوبر کو دہشت گردانہ حملے میں چینی شہریوں کی ہلاکت پر پاکستانی حکومت اور عوام کی جانب سے دلی تعزیت کا اظہار کیا۔ صدر مملکت آصف علی زرداری نے دکھ کی گھڑی میں چینی بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا۔ انہوں  نے کہا کہ چینی حکومت اور عوام کا پاکستان کی سماجی و اقتصادی ترقی میں اہم کردار ہے، دونوں ممالک کے دشمن دونوں ریاستوں کے مابین بڑھتی شراکت داری نہیں دیکھ سکتے۔۔