اسلام آباد ( صباح نیوز) اسلامی جمعیت طالبات پاکستان کی ناظمہ اعلیٰ ثناء ہارون نے کہا ہے کہ اسلامی جمعیت طالبات ملک گیر سطح پر اصلاح نظام تعلیم مہم شروع کر رہی ہے ،مہم مقصد ملک بھر کے تعلیمی اداروں میں طالبات کو درپیش مسائل کواُجاگر کرنااور ان مسائل کے حل کے لئے طالبات کو عملی جدوجہد پر آمادہ کرنا ہے،
اپنے بیان میں انھوں نے کہا مہم کے دوران فیسوں میں ناجائز اضافے اور غیر شفاف امتحانی نظام کے حوالے سے طالبات کے تحفظات کو متعلقہ فورمز پر پہنچانے کا اہتمام کیا جا ئے گا ، جبکہ برے پیمانے پر دستخطی مہم کے زریعے تعلیمی اداروں میں طالبات کے عدم تحفظ اور غیر اسلامی و حیا سوز سرگرمیوں کے حوالے سے بھی آگہی فراہم کی جائے گی،
ثناء ہارون نے کہا مہم کے دوران ملک بھر کے کالجوں یونیورسٹیوں میں خصوصی پروگرامات منعقد کئے جائیں گے، طالبات کے حقوق کے حوالے سے پمفلٹس کا اجراء طلبا اور تعلیمی مسائل وپالیسی کے حوالے سے سروے بھی کروائے جائیں گے،
انھوں نے کہا کہ اسلامی جمعیت طالبات ان تمام لوگوں کو بشمول طالبات، اس مہم کا حصہ بننے کی دعوت دیتی ہے جو ملک میں تعلیمی نظام کا حصہ ہیں اور اس کی بہتری کے لیے کوششیں کر رہے ہیں۔