سراج الحق سے عبدالرشید ترابی کی ملاقات

اسلام آباد(صباح نیوز) جماعت اسلامی پاکستان کے سابق امیر سراج الحق سے جماعت اسلامی آزاد کشمیرکے سابق امیر عبدالرشید ترابی کی ملاقات مسئلہ کشمیرسمیت اہم امور پرتبادلہ خیال ہوا،

ملاقات کے موقع پر گفتگوکرتے ہوئے سراج الحق نے کہا کہ اسرائیل نے فلسطین میں ظلم کی انتہاکردی ہے عرب اورخلیجی ممالک کے حکمران غیرت کا مظاہرہ کریں،کشمیراور فلسطین دنیا کے سلگتے مسائل ہیں پاکستان کے حکمران اور ادارے باہمی جھگڑے ترک کرکے کشمیراور فلسطین کی آزادی کے لیے لائحہ عمل دیں،دنیا کے نقشے پر نظر نہ آنے والے اسرائیل فلسطینیوں کی نسل کشی کررہاہے اور فلسطین کے دائیں اور بائیں اسلامی ممالک کے حکمران تماشہ دیکھ رہے ہیں،پاکستان ایک ایٹمی طاقت ہے پوری دنیا کے مظلوموں کی امیدیں وابستہ ہیں،اوآئی سی کے رکن ممالک اسرائیل اور ہندوستان کا صرف معاشی بائیکاٹ کردیں کشمیراور فلسطین آزاد ہوجائیںگے،

انھوں نے کہاکہ عالمی برادری اسرائیل اور ہندوستان کے خلاف کارروائی کرے،ہندوستان اور اسرائیل بدترین جنگی جرائم کے مرتکب ہورہے ہیں،عالمی قوانین کی دھجیاں اڑارہے ہیں،اس موقع پر جماعت اسلامی آزاد کشمیرکے سابق امیر عبدالرشید ترابی نے مقبوضہ کشمیرکی سنگین صورت حال سے آگاہ کیا،مودی کے عزائم کے تدارک کے لیے ہر سطح پر اقدامات کرنے کی ضرورت ہے۔کشمیری آزادی کے لیے پرعزم ہیں وہ آزادی حاصل کریںگے۔