رسل خان بابر صدر جے آئی یوتھ پاکستان مقرر

لاہور(صباح نیوز)امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے زبیر احمد گوندل کی جنرل الیکشن کی تیاریوں کے حوالے سے مصروفیت کی وجہ سے معذرت قبول کرتے ہوئے رسل خان بابر کو سیشن 2022ـ2025 کے لیے جماعت اسلامی یوتھ پاکستان کا صدر مقرر کیا ہے۔

رسل خان بابر سابق طالب علم رہنما، اسلامی جمعیت طلبہ پنجاب کے ناظم اور جے آئی یوتھ پاکستان کے سیکرٹری جنرل رہ چکے ہیں، ان کا رہائشی تعلق مری سے ہے ، حال ہی میں وہ جماعت اسلامی پنجاب شمالی کی سیاسی کمیٹی کے سیکرٹری اور جے آئی یوتھ کے مرکزی سینئر نائب صدر کے طور پر بھی اپنی ذمہ داری ادا کر رہے تھے۔ رسل خان ماس کام میں ایم فل کر چکے ہیں ۔

قبل ازیں جے آئی یوتھ کی مرکزی یوتھ کونسل کے اجلاس میں زبیر احمد گوندل کی خدمات اور شاندار کارکردگی پر خراج تحسین اور تاریخی لیڈر شپ یوتھ کنونشن کے انعقاد پر مبارک باد پیش کی گئی۔

سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی پاکستان امیر العظیم نے اجلاس میں خصوصی شرکت کی اور آئندہ کے لیے یوتھ میں کام کے حوالے سے ہدایات دی اور نئے صدر سے حلف لیا۔