سراج الحق سے افغانستان کے وزیر برائے سوشل ویلفیئر و منصوبہ بندی الحاج محب اللہ کی ملاقات


پشاور(صباح نیوز)امیر جماعت اسلامی سراج الحق سے افغانستان کے وزیر برائے سوشل ویلفیئر و منصوبہ بندی الحاج محب اللہ نے ملاقات کی۔

مرکز الاسلامی پشاور میں ہونی والی ملاقات میں پاک افغان تعلقات، علاقہ کی صورت حال اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال ہوا۔امیر جماعت نے عالمی برادری اور خصوصی طور پر اسلامی ممالک اور پاکستان پر زور دیا کہ وہ افغان حکومت کو تسلیم کریں۔

انھوں نے کہا کہ او آئی سی کو اس ضمن میں خصوصی کردار ادا کرنا ہوگا۔ افغانستان کی تباہی کی ذمہ دار عالمی طاقتیں ملک میں انفراسٹرکچر اور دیگر شعبوں کی بحالی کی ذمہ داری بھی ادا کریں۔ افغان عوام کو قلم اور کتاب چاہیے، عالمی مداخلتوں سے تباہ ہونے والے ملک کے عوام نے اپنی آزادی اور خودمختاری پر کبھی سمجھوتہ نہیں کیا، اسلامی ممالک افغان حکومت کا ساتھ دیں۔

انھوں نے کہا افغانستان میں امن خطے کی خوشحالی کی ضمانت ہے،مستحکم افغانستان مستحکم پاکستان کے لیے ضروری ہے۔ پاکستان اور افغانستان کے عوام کے مابین دین اور بھائی چارے کی بنیاد پر صدیوں سے محیط پائیدار تعلقات ہیں، دونوں ممالک کے درمیان اختلافات پیدا کرنے کی بھارتی اور دیگر عالمی طاقتوں کی سازشیں کبھی کامیاب نہیں ہوں گی۔

انھوں نے پاک افغان حکومتوں کو سرحد پر حالیہ کشیدگی ختم کرنے کے لیے فوری اقدامات اٹھانے کی بھی اپیل کی۔ انھوں نے کہا کہ پاکستان اور افغانستان کے عوام محبت اور امن سے رہنے کے خواہش مند ہیں۔

الحاج محب اللہ نے سراج الحق کے خیالات کی تحسین کی اور دونوں ممالک کے درمیان محبت اور دوستی کے رشتے کو مضبوط کرنے کے لیے جماعت اسلامی کی خدمات کو سراہا۔