لاہور میں سٹریٹ کرائم کی وارداتوں میں 90 فیصد اضافہ تشویشناک ہے۔محمد جاوید قصوری


لاہور (صباح نیوز)امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ فلور ملز کے گندم کوٹہ میں 60%کمی سے پنجاب سمیت ملک بھر میں آٹے کا بحران پیدا ہوگیا ہے۔ مارکیٹ میں آٹے کا تھیلا نایاب ہوچکا ہے۔ شہری یوٹیلٹی سٹور ز کے باہر آٹے کے حصول کے لیے گھنٹوں انتظار کرنے پر مجبور ہیں۔ حکومت نے آٹے کی مصنوعی قلت اور اس کی روک تھام کے لیے ہنگامی سطح پر اقدامات نہ کیے تو صورتحال کنٹرول سے باہر ہو جائے گی۔ گندم کی قیمت ملکی تاریخ کی بلند ترین سطح37سو روپے فی من تک پہنچ گئی ہے، جبکہ آٹا 130روپے فی کلو پر بھی دستیاب نہیں۔ عوام خوار ہو رہے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز مختلف تقریبات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ جب سے اتحادی حکومت برسر اقتدار آئی ہے اس وقت سے ہی ملک و قوم بحرانوں کی زد ہے۔ مہنگائی کا ڈھنڈورا پیٹنے والے ہر جگہ اور ہر فورم پر ناکام دکھائی دیتے ہیں۔ منافع بخش ادارے خسارے کا شکار اور تباہی کا منظر پیش کررہے ہیں۔ کوئی ایک شعبہ بھی ایسا نہیں جس کی کارکردگی پر ملک و قوم اعتماد ہو۔ پی ٹی آئی اور پی ڈی ایم دونوں نے عوام کو مایوس اور ان کے جذبات کو مجروح کیا ہے۔ قوم پاکستان کے سب سے بڑے صوبے پنجاب میںحکومت کرنے والی پی ٹی آئی سے پوچھتی ہے کہ کہاں ہے ایک کروڑ نوکریاں اور پچاس لاکھ گھروں کا منصوبہ ، جس کا قوم سے وعدہ کیا گیا تھا ۔

انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم جو مہنگائی کے خلاف لانگ مارچ  کیا کرتی تھی ، آج ان لوگوںکو مہنگائی نظر کیوں نہیں آتی۔؟  ملکی معیشت دیوالیہ پن کے قریب پہنچ چکی ہے۔ خزانہ خالی ہے۔اس کو لوٹنے والوں کا محاسبہ ہونا چاہئے۔ محمد جاوید قصوری نے اس حوالے سے مزید کہا کہ لاہور میں سٹریٹ کرائمز میں 90فیصد تک اضافہ ہوگیا ہے ۔ پولیس کا کرپٹ نظام سے عوام کا اعتماد ختم ہوچکا ہے۔ شہری جرائم پیشہ افراد کے رحم و کرم پر چھوڑ دیے گئے ہیں۔ تھانے کرپٹ افراد کی آماجگاہ بن چکے ہیں